شخصیات

وہ ایک شخص سارے چمن کو ویران کر گیا

 ضلع میدک بلکہ پورے صوبے کے معروف عالم دین حضرت مولانا قاضی محمد سمیع الدین صاحب قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت ضلع میدک کو بالخصوص اور پورے صوبے کو بالعموم یتیم کر گئی ۔
                        شعر
       بنا کر دن بخاک و خوں غلطیدن
خدا رحمت کند ایں عاشقان پاک طیند را ۔
       حضرتِ والا اپنی فکری ، علمی و عملی بلند قامتی کے سبب دینی و علمی برادری میں ایک معزز مقام کے حامل تھے اور اس علمی برتری کے باوجود ہر فرد ملت ( دیہاتی ہو یاشہری عالم ہو یا جاھل ہر ایک) سے یوں ملاقات کرتے کہ ہر دیکھنے والا یہ سمجھتا کہ حضرت اپنے کسی خاص آدمی سے ملاقات کر رہے ہیں ۔
        حضرتِ والا نے  حضرت مولانا حمید الدین  عاقل صاحب حسامی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت مولانا عبدالعزیز صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے ہمراہ پورے صوبہ تلنگانہ و آندھرا میں مدارس کا جال پھیلانے كى عظیم محنت‌ میں ایک نمایاں کردار ادا کیا جو ناقابل فراموش ہے ، نیز جمیعت علماء ہند تلنگانہ کے نائب صدر ہونے کے ساتھ ساتھ مجلس علمیہ ،اور دیگر دینی رفاہی تنظیموں کے سرپرست اور فعال کارکن اور سیکڑوں مدارس کے سرپرست بھی تھے خصوصا علماء وحفاظ اور ہر دین کی خدمت کرنے والے کی ہمت افزائی کرنے میں آپ کی مثال نہیں تھی ۔
       بہت مبارک وقت میں موت :
      7 اگست بروز جمعہ بوقت اشراق حضرت والا نے آخری سانس لی اور کلمہ طیبہ کے ساتھ  اپنے رب کریم سے جا ملے انا للہ و انا الیہ راجعون
      آسمان تیری لحد پہ شبنم افشانی کرے
        ذرائع ابلاغ کی برق رفتاری کی وجہ سے حضرت والا کی وفات کی خبر نہ صرف یہ کہ پورے صوبے بلکہ پورے ملک میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی خصوصا علمی حلقوں نے اور عموما ملت اسلامیہ کے ہر فرد ملّت نے اظہار تعزیت کیا اور ایسا حزن و ملال ہوا کہ جس کو لفظی تعبیر سے ادا نہیں کیا جاسکتا حضرت والا کی وفات سے جو خسارہ امت مسلمہ کو لاحق ہوا اس کی تلافی کی بظاہر کوئی صورت دور دور تک نظر نہیں آتی البتہ خدائے قادرو قہار سے نا امید بھی نہیں ہونا چاہیے ۔
                  وما ذلك على الله بعزيز
اللہ تبارک وتعالیٰ حضرت والا کے تمام دینی خدمات کو قبول فرمائے ۔ آمین ثم آمین

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×