ہمارے بارے میں

    تعارف نامہ
‘‘عصر حاضراسلامی پورٹل،،
یوں توذرائع ابلاغ کی تاریخ بہت قدیم ہے، ہر زمانہ میں لوگ مختلف طریقوں سے معلومات اور خبریں دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کرتے رہے، کبھی پرندوں کاسہارالیا، کبھی پمفلٹوں کو دیواروں پر چسپاں کیا، کبھی خط و کتابت کو واسطہ بنایا؛ یہاں تک کہ صنعتی انقلاب کے بعد ذرائع ابلاغ میں زبردست تبدیلیاں واقع ہوئیں،اور پچھلی صدی کو ’’ذرائع ابلاغ کے انقلاب‘‘ کی صدی کہاجانےلگا۔ ’’قلم گویدکہ من شاہ جہانم‘‘ کے مصداق اس وقت دنیا پر میڈیا کی حکمرانی ہے، فکروسوچ کی تبدیلی اور رائے عامہ کی ہمواری میں میڈیا ہی کا کلیدی رول ہوتا ہے، میڈیا دو دھاری تلوار ہے جسے خیروشر دونوں کے لئے یکساں طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے، قلم کی ترقی یافتہ شکل ہی میڈیا کہلاتی ہے، تاریخ کے ہر زمانہ میں قلم کی اہمیت تسلیم کی گئی ہے، قلم کو اچھے مقاصد کے لئے بھی استعمال کیا گیا ہے، اور بہت سے وقت کے فرعونوں نے اس سے تخریبی کام بھی انجام دئے ہیں، بد قسمتی سے اس وقت قلم اور میڈیا پر تخریب پسند قوتوں کی اجارہ داری ہے، ایک ایسے وقت جب کہ اسلام دشمن میڈیا کی ریشہ دوانیاں عروج پر ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکیزہ اسلامی صحافت کو خوب فروغ دیا جائے، چنانچہ اسی تناظرمیں حیدرآباد فرخندہ بنیاد سے ’’عصرِ حاضر اسلامیپورٹل‘‘ کا آغاز کیا گیا۔تاکہ اس کے ذریعہ صحیح تعلیمات ، حقائق پر مبنی اطلاعات اور اہم وضروری عنوانات کے تحت اچھا لٹریچر اور مواد پھیلایا جاسکے۔ امتِ مسلمہ کو اس کی ذمہ داریوں کے احساس سے آگاہ کیا جائے،ہر فردِ ملت تک عصرِ حاضر کی پکار اور دورِ جدید کی صداپہنچائی جائے،خوابِ غفلت سے بیدار کیا جائے،بے ہوش قلب وضمیر پر دستک دی جائے،عصرِ حاضر کے تقاضوں،زمانہ وحالات کے چیلنجوں سے باخبر کیا جائے، عہدِ جدید کی فتنہ سامانیوں سے متنبہ کیاجائے اور ایک ولولۂ تازہ دے کر میدانِ عمل میں سرگرم کیا جائے۔ اس وقت یقیناًسوشل میڈیا پر بہت سے نیوز پورٹل اپنی اپنی خدمات میں مصروف ہیں ،مگر ان تمام میں’’عصرِ حاضر ڈاٹ کام ‘‘ اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے ۔ اس کا اسلوب و انداز آپ  دوسروں سے الگ اورجدا محسوس کریں گے،اس میں جدت ،ندرت اور حسن و خوبصورتی کا انوکھا امتزاج آپ کو نظر آئے گا ،یہ آپ کواسلامیات اور عصریات کا حسین سنگم دکھائی دے گا۔ مزید برآں’’عصرِ حاضر ڈاٹ کام‘‘ پر آپ اسلامی معاشرت سے متعلق مضامین ،سیرتِ نبویہ ﷺ کی تعلیمات،زمانہ اور حالات کے تقاضوں پر مقالات،تبصرے ، تذکرے ،ریاست اور ملک کی اہم خبریں ،معلومات اور مفید پیغامات سے استفادہ کرسکیں گے۔ ’’عصرِ حاضر ڈاٹ کام ‘‘متحدہ محاذ پر ملت کی خدمت انجام دینے والا ایک باوقار اور معتبر ویب پورٹل ہے۔ تعمیری طرزِ فکر اور تشجیعی اندازِ سوچ کے اس پورٹل پر آپ بھی اپنے مفید مضامین شائع کرواکر اپنےپیغام کو پہنچاسکتے ہیں،حالات ومسائل پردردِ دل کو سپردِ صفحات کرسکتے ہیں اورمضامین ومقالات کے ساتھ اہم اور ضروری خبروں بالخصوص دینی سرگرمیوں کو بھی شامل کرواسکتے ہیں۔ ان شاء اللہ ’’عصرِ حاضر‘‘ آپ کی قلمی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے ،ذوقِ فکر کو نکھارنے،ملت سے مربوط کرنے اور جذبۂ دروں کو دور تک پہنچانے میں آپ کا معاون ہوگا۔ چناں چہ اہل علم ودینی قائدین کےلئے یہ وقت کا سب سے اہم تقاضہ وچیلنچ ہے کہ میڈیاکےمثبت استعمال کو فروغ دیں اوراہل حق کے خلاف ہونے والی پیہم یورشوں کا مردانہ وار مقابلہ کریں۔
آغاز وافتتاح :
یوں تو ویب سائیٹ کےحوالےسے کام کا آغاز بہت پہلے ہی ہوچکاتھا؛مگر اس کا باضابطہ افتتاح یکم مارچ ۱۷ءمطابق یکم جمادی الاخری ۳۸ھ کوعالم اسلام کی نامورشخصیت حضرت اقدس مفتی ابوالقاسم صاحب نعمانی ؔدامت برکاتہم مہتمم دارالعلوم دیوبندکے دست مبارک سے دیوبند میں ہوا۔ حضرت والا مدظلہ نے اس اہم اقدام کو مستحسن اور قابل تقلید بتلایا اورحوصلہ افزائی کےساتھ ساتھ اپنے قیمتی مشوروں سے نوازا۔ اس وقت سے لےکر آج تک میڈیابالخصوص فیس بک اورواٹس ایپ پر‘‘عصر حاضر’’کو جو شہرت عام  حاصل ہوئی وہ قابل دید اورلائق تحسین ہے،‘‘عصر حاضر’’ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہےکہ صرف فیس بک پراس پیج کو لائیک کرنے والوں کی تعداد تقریباً تیسہزار ہے۔
عصر حاضر ڈاٹ کام کی موجودہ سرگرمیاں :
باخبر، پراثر، نقیب فکر ونظر ،صداقتوں کا پیامبرجس میں ابھرتے ہوئے حالات پر نت نئے تبصرےسلگتے موضوعات پر اہم ترین مضامینٗممتاز قلم کاروں کی نگارشاتٗ دارالعلوم دیوبند،مسلم پرسنل لاءاور جمعیۃعلماءہند سمیت دیگر اہم دینی اداروں اور تنظیموں کی اطلاعات ونشریا ت حیدرآباد دکن اورریاست تلنگانہ کی اہم دینی وملی خبریں اور کے علاوہ اہل فکر ونظر کے بلند پایہ ذوق کی تسکیں کا مکمل سامان موجود ہے ۔
اہم ترینمقاصد :
دین کی صحیح تعبیر و تفہیم کے ساتھ فریضۂ دعوت کی ادائیگی
اکابر واسلاف کی تحریرات کا فروغ اوران سےبھرپور استفادہ
اہل قلم فضلاءکرام کی حوصلہ افزائی
عالمِ اسلام بالخصوص ملکی‘مقامی وریاستی اطلاعات کی بہم رسائی
 دینی واصلاحی مجالس  سےمتعلق ضروری خبریں
ملک کے اہم مرکزی اداروںسمیت مختلف اہل حق علماءکرام کی معتبرویب سائیٹس
ریاستی وملکی مجلات ورسائل سے بہ آسانی  استفادے کی شکلیں
بلند ترین عزائم
عصرحاضر ای پیپر کا اجراء
اردو انگریزی میں اسلامی لٹریچر کی اشاعت
مختلف حساس موضوعات پر پوسٹرس کی طباعت
عصر حاضر ای میگزین کا آغاز
عصر حاضر اکابرِ امت کی نظر میں
حضرت مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی دامت برکاتہم
محدث و مہتمم دار العلوم دیوبند
یہ معلوم کرکے مسرت ہوئی کہ حیدرآباد کے چند باشعور ‘ دیندار ‘ تعلیم یافتہ اور فکر مند نوجوانوں نے ’’عصر حاضر،، ڈاٹ کام کے نام سے ایک آن لائن اسلامی پورٹل کا آغاز کیا ہے۔پورٹل کے مختصر تعارف میں جن سات نکاتی اغراض و مقاصد کا ذکر کیا گیاہے‘وہ سب تعمیری اصلاحی اور معلوماتی ہیں‘ اب تک اس ویب پورٹل کی جو کارکردگی سامنے آئی وہ بہت امید افزاء ہے۔اس لیے امید کی جانی چاہیے کہ فحاشی اور عریانی پر مبنی مخرب اخلاق سوشل میڈیا کی بھیڑ میں عصر حاضر اور اس سے جیسے دیگر ویب سائیٹ اور ویب پورٹل نوجوانانِ ملت کو صحیح دینی ‘ ملی‘ اور سماجی معلومات پہونچانے اور تعمیری ذہن بنانے میں مثبت رول ادا کریں گے۔ بندہ کی دعائیں ان نوجوانوں کے ساتھ ہیں۔
عارف بالله حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم
صدر مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ  وآندھرا پردیش
عصر حاضر آن لائن اسلامی پورٹل کے نام سے عزیزم حافظ محمد عبد المقتدر عمران نے ایک ویب سائٹ شروع کی ہے ‘ جس کے اغراض و مقاصد بہت عمدہ ہیں‘ مستند اہل علم کی نگارشات کو دعوتی و اصلاحی نقطۂ نظر سے استفادہ کرتے ہوئے‘ موجودہ حالات کے تناظر میں آگاہی و باخبری کے مقصد سے منظر عام پر لانا بہت اچھا اقدام ہے‘نوجوان افراد کا اس طرح کی خدمات میں دلچسپی بہت مسرت کا باعث ہے‘ امید کہ یہ کوششیں مفید ہوں گی‘الله تعالی اپنے کرم سے شرف قبولیت بخشیں۔
حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب دامت برکاتہم
ناظم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد
’’عزیزم حافظ محمد عبد المقتدر سلمہ‘‘ نے ایک مؤثر و معتبر قدم اٹھاتے ہوئے سچی خبروں کی اشاعت ، غلط باتوں کی وضاحت ، اصلاحی مضامین کی تبلیغ اور ان جیسے بہت اہم مقاصدپر مشتمل یہ کام شروع کیا ہے ، جس کا آغاز بھی قافلۂ اہلِ حق کے سالار حضرت مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی مدظلہ مہتمم دارالعلوم دیوبند کے مبارک ہاتھوں انجام پایا ہے۔مجھے اس صنعت میں مہارت و مناسبت کم ہونے کی وجہ سے زیادہ استفادہ کا موقع نہ ملا؛ تاہم وقتا فوقتا یہ سائیٹ نظر سے گزررہی ہے اور اغراض و مقاصد کا علم ہے ، اس لیے میں موصوف کے اس اقدام کی تائید و توثیق کرتا ہوں اور مسلمانوں کو استفادے کا مشورہ دیتا ہوں؛ تا وقتے کہ وہ ان مقاصد اور علماء کے مسلم نہج پر قائم رہے۔دعا ہے کہ حق تعالی توفیقِ مقبول اور شرفِ قبول عطا فرمائے۔ آمین
Back to top button
×