ریاست و ملکعصر حاضر نیوز

فاضلات اپنے اطراف کے لوگوں کے دین و ایمان کی فکر کریں

معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں تقسیم انعامات کے موقع پر مفتی یاسرندیم الواجدی کا خطاب

دیوبند،24؍ دسمبر(سمیر چودھری) طالبات کے معروف ادارہ معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں گذشتہ ایک ماہ سے مختلف مسابقہ جات کا انعقاد کیا جارہا تھا، جس کے انعامات اور اسناد کی تقسیم کا پروگرام آج ڈاکٹر مفتی محمد یاسر ندیم الواجدی کی صدارت اور محترمہ ضویا حنیف کی نظامت میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے مفتی یاسر ندیم نے کہا کہ نبی کریمؐ کی ذات اقدس پر کوئز کمپٹیشن ہونا اور پھر والد محترم مولانا ندیم الواجدی کی خواہش کے احترام میں منعقد ہونا میرے لئے خوشی کا مقام ہے اور میں نے ان کی زندگی میں نبی اکرمؐ سے محبت اور آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دیکھا ہے، انہوں نے کہا کہ جب کبھی کہیں بھی رسالت مآب کی شان میں گستاخی کا کوئی واقعہ پیش آتا والد گرامی سراپا احتجاج ہوجاتے اور شدید ردعمل کا اظہار کرتے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسے کی چہار دیواری میں درس نظامی کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کا اس حسن وخوبی کے ساتھ ہونا قابل تعریف ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ آپؐ کی تعلیمات کو اپنی گلی، محلے تک پہنچائیں اور تفسیر، سیرت اور وعظ ونصیحت کے حلقے یہاں سے فارغ ہونے کے بعد اپنے علاقوں میں لگائیں تاکہ مسلمان آپؐ کی تعلیمات سے واقف ہوسکیں اور ہمارے وہ بہن بھائی جو تعلیمات نبویہ سے عدم واقفیت کی بنیاد پر عملی ارتداد کا شکار ہورہے ہیں وہ اس عذاب سے نجات پاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ داری مدرسہ اور اس کے انتظامیہ کی ہے تو وہیں دوسری طرف فاضلات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ دینی ذمہ داری کو ادا کریں، عالمہ ہونے کی وجہ سے آپ پر زیادہ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ اپنے اطراف کے لوگوں کے دین وایمان کی فکر کریں اپنے اوقات میں سے کچھ وقت نکال کر قرآن کے حلقے منعقد کریں اور بچوں اور بچیوں کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرائیں۔ دریں اثنا مفتی یاسر ندیم الواجدی کے ہاتھوں سے سیر ت کوئز، سائنس کوئز، نعتیہ مسابقہ میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والی طالبات کو اسناد اور ٹرافی سے نوازا گیا۔ اس موقع پر معہد کے اساتذہ، معلمات اور طالبات موجود رہیں۔ پروگرام کا اختتام مفتی محمد معراج قاسمی کی رقت آمیز دعا پر ہوا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×
Testing