آئینۂ دکن

زندہ دلان حیدرآباد کی شاندار پیمانہ پر دو روزہ سالانہ تقاریب

حیدرآباد: 6؍نومبر (پریس نوٹ) زندہ دلان حیدرآباد کی دو روزہ سالانہ تقاریب 25اور 26نومبر کو عظیم الشان پیمانہ پر منعقد کی جارہی ہیں۔ اس سلسلہ میں صدر زندہ دلان ڈاکٹر محمد علی رفعت آئی اے ایس کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ان تقاریب کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔دو روزہ تقاریب کے پروگرام کو قطعیت دے دی گئی جس کے مطابق جمعہ25 نومبر کی6:00بجے شام اردو ہال حمایت نگر میں ادبی اجلاس اور 8:30بجے محفل لطیفہ منعقد ہوگی۔ جس میں طنز و مزاح نگار اپنی تخلیقات پیش کریں گے۔ ہفتہ26نومبر کی شام نمائش میدان میں کل ہند مزاحیہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔ جس میں ملک بھر سے ممتاز مزاحیہ شعرائے کرام کو مدعو کیا جارہا ہے۔ ارض دکن سے تعلق رکھنے والے شعرائے کرام بھی شرکت کریں گے۔ زندہ دلان حیدرآباد نے ملک میں طنز و زماح کو فروغ دینے کی تحریک شروع کی جو دنیا بھر میں منفرد سمجھی جاتی ہے۔ اس انجمن نے 1962میں مزاحیہ مشاعروں کی بنیاد ڈالی۔ 1965تک مقامی سطح پر مشاعروں کے کامیاب انعقاد سے حوصلہ پا کر کل ہند مشاعروں کا سلسلہ شروع ہوا‘ جو اب تک جاری ہے۔ زندہ دلان نے کئی شاعروں اور قلم کاروں کو مزاحیہ شاعری اور ادب تخلیق کرنے کی جانب راغب کیا۔ زندہ دلان حیدرآباد کی جانب سے مزاحیہ ماہنامہ شگوفہ کی اشاعت عمل میں لائی جاتی ہے۔ آج کے اجلاس میں ڈاکٹر سید مصطفیٰ کمال ایڈیٹر شگوفہ‘ پروفیسر شوکت حیات‘ جناب جی قادرحقانی‘ جناب اقبال علی جاوید‘ ڈاکٹر یوسف احمد ’جناب سید سلیم محی الدین اور معتمد عمومی جناب جی اے نورانی نے شرکت کی اور مباحث میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ 1985میں زندہ دلان حیدرآباد نے عالمی مزاحیہ کانفرنس منعقد کی تھی‘ جس میں دنیا بھر سے مختلف زبانوں کے مزاح نگاروں اور شاعروں نے شرکت کی تھی۔ اس وقت 14زبانوں میں متوازی ادبی اجلاسوں کا اہتمام کیا گیا تھا جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ نا مساعد حالات کے باوجود یہ انجمن ہنسنے ہنسانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تھکے ماندے ذہنوں کو تازگی بخش رہی ہے۔ اس سال کی تقاریب کو یاد گار بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ایک دور وہ بھی تھا کہ مشاعروں میں شرکت کے لئے شایقین ٹکٹ خریدنے کے لئے ٹوٹ پڑتے تھے۔ مگر اب مشاعرہ میں شرکت کے لئے ٹکٹ کی شرط برخواست کردی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شایقین طنز و مزاح کو شرکت کا موقعہ فراہم کیا جاسکے۔ مزید تفصیلات کے لیے فون نمبر 9849111856

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×