آئینۂ دکن

اسمبلی میں سیاہ قوانین کے خلاف قرارداد منظور کرنے پر یونائیٹید مسلم فورم کے ذمہ داروں نے کیا اظہار تشکر

حیدرآباد-16/مارچ (راست) یونائیٹیڈ مسلم فورم نے تلنگانہ اسمبلی میں شہریت کے ترمیمی قانون ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف قرارداد کی منظور ی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ، صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی ، قائد مجلس مقننہ پارٹی اکبرالدین اویسی کو مبارکباد پیش کی۔ اسمبلی میں قرارداد کی منظوری پر بشمول اسپیکر تمام ارکان مقننہ سے ممنونیت کا اظہار کیا ہے۔ فورم کے ذمہ داروں مولانا محمد رحیم الدین انصاری صدر یونائیٹیڈ مسلم فورم، مولانا سید قبول بادشاہ شطاری، مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا میرقطب الدین علی چشتی، مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ،مولانا مفتی صادق محی الدین،مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار(جنرل سکریٹری)مولاناسید مسعود حسین مجتہدی ، مولانا تقی رضا عابدی،مولانا صفی احمد مدنی، مولانا سید ظہیر الدین علی صوفی، مولانا اکرم پاشاہ تخت نشین ، مولانا سیداحمدالحسینی سعید قادری، مولانا سیدشاہ فضل اللہ قادری موسوی، مولانا ظفر احمد جمیل،مولانا عبد الغفار خاں سلامی اور دوسرے نے بتایا کہ چیف منسٹر نے بیرسٹر اویسی کی قیادت میں اس موضوع پر ان سے ہوئی ملاقات میں قرارداد سے متعلق وعدہ کیا تھا۔ چیف منسٹر نے نہ صرف اپنے وعدے کی تکمیل کی بلکہ انھوں نے اس سیاہ قانون کے ساتھ این پی آر اور این آر سی کے قانونی موقف پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ فورم کے ذمہ داروںنے اسمبلی میں قائد مجلس اکبرالدین اویسی کے دلائل کی ستائش کی اور ریاستی حکومت سے کئے گئے اس مطالبے کی تائید کی جس کے ذریعے یکم اپریل سے شروع ہونے والے این پی آر کی عمل آوری کو روکنے پر زور دیا گیا ہے۔ فورم کے ذمہ داروں نے مجلس اور ٹی آر ایس کی قیادت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف اس وقت تک جدوجہد کو جاری رکھنے کا عہد کیا جب تک مرکزی حکومت اسے واپس نہیں لیتی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×