آئینۂ دکن

فرقِ ضالہ کے تعاقب کے لیے نوجوان فضلاء بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں آئیں

حیدرآباد: 4؍دسمبر (عصر حاضر) کل بہ تاریخ 3/دسمبر بہ روز جمعرات بعد نماز مغرب متصلاً مجلس مشاورت تحفظ شریعت ٹرسٹ کا دوسرا اجلاس نہایت تزک و احتشام کے ساتھ دفتر ٹرسٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز مفتی محمد وصی الرحمن قاسمی کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ مفتی محمد عامر حنیف قاسمی (صدر ٹرسٹ) نے تمہیدی گفتگو کی اور تشریف لانے والے تمام اراکین کا استقبال کیا۔ بعد ازاں مولانا عبدالرشید طلحہ نعمانی (معتمد عمومی) نے سہ ماہی کارگزاری رپورٹ پیش کی اور ٹرسٹ کے تحت انجام پانے والی تمام خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اراکین مشاورت نے ٹرسٹ کے وسیع تر اغراض و مقاصد کو پورا کرنے کےلئے ممکنہ تعاون کا تیقن دیا اور سہ ماہی کارگزاری رپورٹ پر اطمینان کا اظہار فرمایا ۔
ایجنڈے میں موجود امور: برقی مجلے” تحفظ شریعت” کا اجرا، درس تفہیم شریعت کا آغاز، فتنۂ انکار حدیث کا تعاقب وغیرہ پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا اور جنوری سے برقی مجلے کے آغاز کو قطعیت دی گئی۔ اس درمیان انکار حدیث کے فتنے سے متاثر علاقوں کا جامع سروے کرنے اور عوام میں اس حوالے سے مثبت انداز میں کام شروع کرنے کی بات بھی آئی،اس کے ساتھ ہی نکاح طلاق اور وراثت وغیرہ سے متعلق عائلی قوانین پر خطبۂ جمعہ کی مناسبت سے شعور بیداری مہم چلانے کا فیصلہ بھی لیا گیا ۔
اخیر میں نگران محترم حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب مدظلہ نے تحفظ شریعت کی اہمیت اور علماء کی ذمہ داریوں کے موضوع پر تربیتی خطاب فرمایا اور حضرت والا ہی کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔
اجلاس میں مفتی عبدالملک انس قاسمی (نائب صدر)مولانا سید ریحان قاسمی(خازن) مفتی محمد عرفان قاسمی (معتمد)اور مفتی مبشر قاسمی (نائب خازن)کے علاوہ مفتی مبین قاسمی،مفتی ابراہیم حسامی،مفتی مجاہد خان قاسمی، مفتی مکرم محی الدین قاسمی،مفتی رفعت رضوان قاسمی،مفتی عبدالنصیر قاسمی، مفتی سرور قاسمی،مفتی دل شاد قاسمی اور مفتی وصی الرحمن قاسمی وغیرہم (ارکان مشاورت ) نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×