تلنگانہ میں صحافیوں کے لیے خصوصی کورونا ٹیکہ کاری مہم، حصہ لینے کمشنر آئی اینڈ پی آر کی اپیل
حیدرآباد: 27؍مئی (عصرحاضر) ریاست تلنگانہ میں صحافیوں کے لیے کورونا ٹیکہ کاری کے لیے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ سری اروند کمار ، کمشنر ، محکمہ آئی اینڈ پی آر نے بتایا ہے کہ 28 اور 29 مئی 2021 کو پوری ریاست میں ترجیحی بنیادوں پر صحافیوں کے لیے خصوصی ٹیکہ کاری مہم چلائی جائے گی۔ صحافیوں کو محکمہ کے ذریعہ جاری کردہ ایکریڈیشن کارڈ اور آدھار کارڈ کے ساتھ طے شدہ ویکسی نیشن مراکز پہنچنا لازم ہوگا۔ اضلاع میں ویکسینیشن کے مراکز کی فہرست متعلقہ ضلعی تعلقات عامہ کے افسران کے پاس دستیاب ہوگی۔ ریاستی سطح کے صحافیوں کے لیے پانچ مراکز ، یعنی پریس کلب سوماجی گوڑا ، پریس کلب بشیرباغ ، ایم سی آر ایچ آر ڈی انسٹی ٹیوٹ جوبلی ہلز، یونانی ہسپتال چارمینار اور ایریا ہسپتال ونستھلی پورم کو ٹیکہ کاری مراکز کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ مسٹر اروند کمار نے صحافی برادری سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سہولت کو بروئے کار لائیں اور کوڈ 19 کے خلاف ضرور ٹیکہ لگوالیں۔ مسٹر اروند کمار نے بتایا ہے کہ ریاست میں اطلاعات و تعلقات عامہ کے محکمہ کے پاس بیس ہزار کے قریب مسلمہ صحافیوں کی فہرست موجود ہے۔ جن میں تقریبا 3700 صحافیوں کو ریاستی سطح تسلیم کیا جاتا ہے۔