تحفظ سنت میڈیا کے زیر اہتمام تفہیمِ شریعت ویکلی کورس بہت جلد منظر عام پر!!
حیدرآباد: 14/اکٹوبر (پریس ریلیز) مفتی محمدعامرقاسمیؔ( منتظم تحفظ سنت میڈی حیدرآباد) کی اطلاع کے بموجب تحفظ سنت میڈیا کے زیر اہتمام شائع ہونےوالا ہفت روزہ تفہیم شریعت کورس بہت جلد منظر عام آیا چاہتا ہے،جو خواتین کے لیے علم ومعلومات کا بیش قیمت سرمایہ اور زندگی سے متعلق مختلف گوشوں کا احاطہ کرتا ہے ۔واضح رہے کہ ادارے کی جانب سے اس سے قبل بھی تفہیم دین کورس(برائےطالبان علوم عصریہ)نامی ایک جامع ومستند نصاب تیارہو ہوکر مقبول خاص و عام ہوچکا ہےاور جس کےاب تک دو ایڈیشن بھی شائع ہوچکے ہیں ۔
دین بیزاری اور الحاد و ارتداد کے اس دور میں جہاں نئی نسل کے لیے دینی تعلیم وتربیت کی اہمیت ہے، وہیں خواتین کی اسلامی تعلیم بھی از بس ضروری ہے؛کیوں کہ آج کےمغربی ماحول میں اگرہم نے تعلیم نسواں کے حوالے سے کوتاہی برتی تو عین ممکن ہے کہ کل ہماری نئی نسل دین وایمان سے محروم رہ جائےاور ہم کف افسوس ملنے پر مجبور ہوجائیں!۔اسی داعیے کے پیش نظر تحفظ سنت میڈیا حیدرآباد کےزیر اہتمام تفہیم شریعت ویکلی کورس اردو /رومن انگریزی میں ترتیب دیا گیاہے ؛جس کی بنیادی خصوصیت اس کی جامعیت ہے کہ اس میں درج ذیل پانچ اہم عناوین کو بنیاد بنایا گیا اور خواتین سے متعلق جملہ ضروری مسائل کا احاطہ کیاگیا۔
1: حفظ قرآن مع مختصر تفسیر ۔2:سنن و ادعیہ ۔3:عقائد و احکام ۔4:سیرت و تاریخ ۔5:دعوہ کورس۔
ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے قرآن و حدیث کی ضرورت تو سبھی جانتے ہیں۔اسی طرح عقائد احکام اور سنن وادعیہ کی اہمیت بھی اپنی جگہ مسلم ہے۔سیر و تاریخ کی افادیت کا کون انکار کرسکتا ہے؟مگر ان سب کے ساتھ جو چیز اس نصاب کا بنیادی اور اہم عنصر ہے وہ "دعوہ کورس "ہے؛جس میں دعوت دین کی اہمیت،طریقۂ کار کی وضاحت ،اس کے اصول وآداب،صحابیات کے واقعات وغیرہ بالتفصیل بیان کیے گئے ہیں،جو دور حاضر کا نہایت حساس موضوع ہے۔
اس نصاب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ خواتین اور عصری تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کی مشغولیت کا خیال رکھتے ہوئےچار ماہ پر مشتمل اس کورس کو ہفتہ واری انداز میں مرتب کیاگیاہے ،ساتھ ہی ہر ہفتہ کی مقدارخواندگی کیاہونی چاہیے ؟اس کی بھی تعیین کردی گئی ہے؛تاکہ معلمہ اور متعلمہ دونوں کےلیےسہولت وآسانی ہو۔واضح رہے کہ یہ نصاب کا صرف پہلا حصہ ہے اس کے بعد بہت جلد دوسرا حصہ بھی اسی ترتیب اور انہیں عناوین کے ساتھ منظر عام پر آئے گا۔
جو سرپرست حضرات اور ذمہ داران مساجد وغیرہ اس سلسلہ میں دل چسپی رکھتے ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ پیشگی طور پر بہ ذریعہ فون بکنگ کروالیں !اور مزید تفصیلات کے لیے درج ذیل نمبرات پر رابطہ کریں !
9441427573, 8686649169, 9133562213