آئینۂ دکن

حیدرآباد سے عازمین حج کا پہلا قافلہ حجاز مقدس کے لیے روانہ، حج ہاؤز میں دوسال بعد دیکھے گئے جذباتی مناظر

حیدرآباد: تلنگانہ کے عازمین حج کا پہلا قافلہ پیر کو یہاں راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوا۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کُل 373 عازمین صبح 5.55 بجے سعودی ایئر لائنز کی خصوصی پرواز کے ذریعے جدہ کے لیے روانہ ہوئے۔
قبل ازیں، نصف شب کے قریب عازمین کو لے جانے والی بسوں کو ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین محمد سلیم نے شہر کے حج ہاؤس میں ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
حجاج کرام نے اپنے سفر کا آغاز جوش و خروش کے ساتھ تلبیہ کے نعروں کی گونج میں کیا، جو کہ حج کے دوران مانگی جانے والی خصوصی دعا ہے۔ حج ہاؤز میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جب متعدد رشتہ داروں، دوستوں اور خیر خواہوں نے عازمین کو الوداع کہا۔ پہلی پرواز میں 211 عازمین حیدرآباد سے تھے اور باقی سات دیگر اضلاع سے تھے۔
یہ دو سال کے وقفے کے بعد ہے جب ہندوستان سے عازمین حج ادا کر رہے ہیں۔ سعودی عرب نے 2020 اور 2021 میں کوویڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے دوسرے ممالک کے عازمین کو حج کی اجازت نہیں دی تھی۔
اس سال تقریباً 80,000 ہندوستانی عازمین مقدس فریضۂ حج ادا کریں گے۔ اس سال حج کوٹہ کووڈ پروٹوکول کے پیش نظر کم کیا گیا ہے۔ تلنگانہ کو 1,822 کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ 2019 میں تلنگانہ کے تقریباً 5000 خوش نصب حجاج نے حج ادا کیا تھا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ اس سال کل 3,016 عازمین بشمول پڑوسی آندھرا پردیش، کرناٹک اور مہاراشٹر کے بعض اضلاع کے عازمین حج سعودی ایرلائن کی پروازوں کے ذریعہ حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔
پچھلے سالوں کی طرح، حج ہاؤس کو عازمین حج کے لیے امبرکیشن پوائنٹ بنا دیا گیا۔ حج کمیٹی نے تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے وہاں پہنچنے والے عازمین کے لیے کھانے اور رہائش سمیت تمام انتظامات کیے ہیں۔
مختلف محکموں نے ایک ہی چھت کے نیچے کسٹم کلیئرنس، سامان کی چیکنگ اور کرنسی ایکسچینج جیسی خدمات فراہم کیں۔
حج اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک اہم ستون ہے، جو سعودی عرب کے مقدس ترین شہر مکہ میں ادا کیا جاتا ہے۔ حج زندگی میں کم از کم ایک بار ان تمام مسلمانوں کے لیے لازمی ہے جو مالی اور جسمانی طور پر سفر کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
اس سال حج کا آغاز 7 جولائی سے ہوگا اور 12 جولائی تک جاری رہے گا، حتمی تاریخ کا فیصلہ ذوالحجہ کا چاند نظر آنے پر ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×