آئینۂ دکن

تلنگانہ کے منچریال ضلع میں آتشزدگی کا خوفناک واقعہ‘ 6 افراد زندہ جھلس کر فوت

حیدرآباد: 17؍دسمبر (عصرحاضر) تلنگانہ کے منچریال میں خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں مکان کو آگ لگنے کے بعد اس میں موجود 6افراد زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے۔یہ واقعہ تلنگانہ کے منچریال ضلع کے راماکرشناپورم پولیس اسٹیشن کے گُڈی پلی دیہات میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ کل شب ایم شیوئیا نامی شخص کے مکان میں یہ آگ لگی جس کی اطلاع پڑوسیوں نے پولیس اور فائربریگیڈ کے اہلکاروں کو دی جس پر چوکس فائربریگیڈ کے اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پایاتاہم تب تک مکان میں موجود 6افراد زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے۔مہلوکین کی شناخت 50سالہ ایم شیوئیا، اس کی بیوی راجیہ لکشمی، راجیہ لکشمی کی بھانجی35سالہ مونیکا، 2سالہ ہیمابندو، 4سالہ سوئیٹی اور50سالہ شانتیا(سنگارینی ورکر) کے طورپر کی گئی ہے۔اس واقعہ میں جھلس کر ہلاک ہونے والے یہ افراد شیوئیا کے رشتہ دار ہیں جواس خاندان سے ملنے کیلئے آئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ راجیہ لکشمی کے یہ رشتہ دار دو دن پہلے آئے تھے۔پولیس نے کہاکہ اس واقعہ کی جانچ کی جارہی ہے۔ اس مکان کو کسی کی جانب سے آگ لگانے کے زاویہ سے بھی جانچ کی جارہی ہے۔ پولیس نے ایل پی جی سلنڈرکے پھٹ پڑنے یا پھر شارٹ سرکٹ کے زاویہ کو مسترد نہیں کیا ہے۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیاگیا۔پولیس نے جلے ہوئے مکان سے شواہد جمع کئے۔انچارج ڈپٹی کمشنر پولیس اکھل مہاجن نے کہاکہ چونکہ مکان کے ستون لکڑی کے تھے اسی لئے یہ آگ نے ان کو فوری طورپرپکڑلیا اور 6افراد جو سورہے تھے جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ بتایاجاتا ہے کہ شیوئیا کی بیوی کے ناجائزتعلقات اس واقعہ میں جھلس کر ہلاک ہونے والے شانتیا نامی رشتہ دار کے ساتھ تھے۔اس واقعہ کے وقت شانتیا، مکان میں ہی موجود تھا۔اس واقعہ میں شیوئیا کی بیوی کے خاندان کے ساتھ ساتھ شانتیا بھی زندہ جھلس کر ہلاک ہوگیا۔ اس ناجائز تعلقات کے معاملہ میں دونوں خاندانوں کے درمیان چند دن پہلے جھگڑے کی بھی اطلاع ملی ہے۔پولیس اس معاملہ کی جانچ میں پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے کہ یہ آگ لگی ہے یا پھرجان بوجھ کر لگائی گئی ہے۔پولیس نے ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ مقام واقعہ کامعائنہ کیا اور شواہد جمع کئے۔اسی دوران اس واقعہ پر حکمران جماعت بی آرایس کے رکن اسمبلی و سرکاری وہپ بلکاسمن نے گہرے دکھ کااظہار کیا ہے۔انہوں نے مہلوکین کو خراج پیش کیا اور ان کے غمزدہ ارکان خاندان کو پُرسہ دیا۔انہوں نے حکام سے اس واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں اور جانچ میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہاکہ حکومت، مہلوکین کے ورثا کے ساتھ کھڑی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×