آئینۂ دکن

تلنگانہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کا تعمیری کام اندرون دو ماہ مکمل ہونے کا امکان‘ روزانہ تین شفٹوں میں کام جاری

حیدرآباد۔9نومبر (عصرحاضر) تلنگانہ سکریٹریٹ کا 90 فیصد سے زیادہ تعمیری کام مکمل ہو چکا ہے۔ دیگر کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ تین شفٹوں میں تقریباً تین ہزار مزدورکام کر رہے ہیں۔فی الحال سکریٹریٹ کے اوپری حصے پر گنبد بنانے کاکام جاری ہے۔ توقع ہے کہ گنبدوں کے کنکریٹ کا کام دس دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ساتھ ہی مندر کے لیے 1500 گز، چرچ کے لیے 500 گز اور مسجد کے لیے 1500 گز کی جگہ چھوڑی گئی تھی۔اس کے کام بھی جاری ہیں۔محکمہ عمارات و شوارع کے ذرائع نے بتایا کہ تمام جاری کام ڈیڑھ سے دو ماہ کے اندر مکمل کر لیے جائیں گے۔ نیا سکریٹریٹ آئندہ سنکرانتی تک پوری طرح سے دستیاب ہو جائے گا۔ محکمہ عمارات وشوارع، سکریٹریٹ کا تمام کام مکمل کر کے جنوری میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کے حوالے کر دے گا۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ نئے سکریٹریٹ سے انتظامیہ کا آغاز کب کیا جائے۔ تلنگانہ سکریٹریٹ کے احاطے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے احاطے میں دو بڑے فوارے بنائے جارہے ہیں۔ آر اینڈ بی ذرائع نے بتایا کہ وزراء، متعلقہ محکموں کے پرنسپال سکریٹریز کے چیمبرز اور سیکشن دفاتر بھی تیزی سے تیار کیے جا رہے ہیں۔ آر اینڈ بی حکام نے انکشاف کیا کہ وائرنگ اور فرنیچر کا انتظام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ نئے سکریٹریٹ کامکمل رقبہ 8.90 لاکھ مربع فٹ ہے۔ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے جون 2019 میں سکریٹریٹ کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھا تھا۔ مقدمات کی وجہ سے تعمیراتی کام میں تاخیر ہوئی ہے۔ دسمبر 2020 میں اس کا کام شروع ہوا۔ کنکریٹ کا کام 4 جنوری 2021 کو شروع ہوا لیکن کورونا کی دوسری لہر کے باعث تین ماہ سے کام روک دیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×