
تلنگانہ کے منتخب عازمین حج اپنی پہلی قسط 81ہزار روپیے 6؍مئی تک جمع کردیں، تاریخ میں توسیع کا امکان نہیں
حیدرآباد: یکم؍مئی ( عصرحاضر) ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ نے حج 2022 کے منتخب عازمین سے خواہش کی ہے کہ وہ فوری طور پر حج اخراجات سے متعلق پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار روپئے حج کمیٹی میں جمع کریں۔ حج کمیٹی کی ویب سائیٹ پر یہ رقم آن لائن جمع کی جاسکتی ہے۔ ایس بی آئی یا یونائٹیڈ بینک آف انڈیا میں موجود حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں پہلی قسط جمع کرنے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے مجموعی اخراجات کا تعین سفری اخراجات کے ٹنڈر کو قطعیت دینے اور سعودی عرب کے اخراجات کی تفصیلات قونصل جنرل انڈیا جدہ کی جانب سے روانہ کئے جانے کے بعد ہوگا جس کی اطلاع عازمین کو دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کو ویب سائیٹ پر ہر امبارگیشن پوائنٹ کیلئے سفری اخراجات کی تفصیلات کو پیش کیا جائے گا۔ پہلی قسط کی ادائیگی کے بعد منتخب عازمین حج درخواست فارم کی کاپی، اوریجنل پاسپورٹ، پہلی قسط کی ادائیگی سے متعلق پیمنٹ ریسپٹ، ایک پاسپورٹ سائز فوٹو، میڈیکل اسکریننگ سرٹیفکیٹ، کورونا کی دونوں خوراک حاصل کرنے کا سرٹیفکیٹ، ایڈریس پروف، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور بینک پاس بک کی نقل 6 مئی تک تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاوز نامپلی میں جمع کرائیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے پہلی قسط کی ادائیگی کے سلسلہ میں تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ رقم کی ادائیگی کی تاریخ میں توسیع ممکن نہیں ہے اور ایسے عازمین جو 6 مئی تک رقومات جمع نہیں کریں گے ان کی درخواستیں مسترد کردی جائیں گی۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے ملک بھر کیلئے قرعہ اندازی کرتے ہوئے تلنگانہ کے 1818 عازمین کا انتخاب کیا ہے۔ منتخب عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع کردی گئی ہے۔ دو سال کے وقفہ کے بعد ہندوستان سے عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین کیلئے حج کیمپ کے علاوہ ٹیکہ اندازی اور تربیتی کیمپس کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔