حیدرآباد و اطراف

صفا بیت المال انڈیا کے تحت سیلاب متاثرین کیلئے خدمات انجام دینے والے والینٹرس کے اعزاز میں تہنیتی تقریب

حیدرآباد: 13؍دسمبر (پریس ریلیز) حالیہ شدید بارش اور سیلاب متاثرین میں صفا بیت المال انڈیا کے تحت خدمات انجام دینے والے والینٹرس کے اعزاز میں 13دسمبر بروز اتوار آفیسرز میس ، ملک پیٹ میں ٹرسٹیانِ صفا بیت المال انڈیا کی نگرانی میں ایک پرکشش تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں مولانا فصیح الدین ندوی جنرل سکریٹری صفا بیت المال انڈیا نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے ہم کو انسانیت کی خدمت کے لئے قبول کیا ہے، اس پر ہم اللہ کا شکر ادا کرتے رہیں تو اللہ تعالیٰ مزید خدمت کی توفیق عطا فرمائیں گے، جس طرح ہم نے لوگوں کو سیلاب کی مصیبت سے بچانے کے لئے رات دن کام کیا اسی طرح آبادیوں سے بے دینی ختم کرنے کے لئے لوگوں کو نمازی اور دیندار بنانے کیلئے کوشش کریں۔ جب لوگ دیندار بن جائیں گے تو اللہ کی مدد آئے گی اور اللہ تعالیٰ ہمیں مصیبتوں سے بچائیں گے۔ اس موقع پر مولانا وسیم الحق ندوی خازن صفا بیت المال انڈیا نے فرمایا کہ صفا بیت المال انڈیا سے وابستہ جمیع ذمہ داران و عملہ کے اخلاص کی بلندی کی یہ نشانی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے صفا بیت المال انڈیا کو حالیہ سیلاب کے موقع پر پُرجوش خدمات کی توفیق عطا فرمائی۔ مولانا نے سلسلۂ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے مزید فرمایا کہ صفا بیت المال انڈیا ایک تحریک ہے جو انسانیت کے اندر یہ جذبہ پیدا کرتا ہے کہ وہ اپنے انفرادی اغراض کو پس پشت ڈال کر اجتماعی مقاصد کو مقدم رکھے۔ مولانا مصدق القاسمی سکریٹری صفا بیت المال انڈیا نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اللہ رب العزت نے دنیا کا نظام ایک دوسرے کی مدد پر رکھا ہے۔ سیلاب کے حالات میں انسانیت کی خدمت کیلئے جن بندوں سے محبت ہوتی ہے اللہ رب العزت انہیں خدمت کیلئے منتخب فرماتا ہے۔ حالیہ سیلاب کے موقع پر جن والینٹرس نے خدمات انجام دیں وہ قابلِ تحسین ہے۔ اللہ تعالیٰ ہر کسی کے کام کو قبول فرمائے۔ مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انڈیا نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ مختلف تنظیموں ، جماعتوں اور نوجوانوں اور طلباء کے گروپس نے ہنگامی حالات میں متاثرین کو گھروں سے نکالنے اور سیلاب کے گزرجانے کے بعد ان علاقوں میں شدید تعفن کے باوجود ان کے گھروں کی صفائی میں جو نمایاں کردار ادا کیا ہے تاریخ ہمیشہ انہیں یاد رکھے گی۔ ملک جب بھی آفاتِ ارضی و سماوی سے دوچار ہوتا ہے حیدرآباد کے دردمند احباب ان کی مدد کیلئے بے چین ہوتے ہیں اور انہیں مصیبت سے نکالنے کیلئے اپنی نمایاں خدمات انجام دیتے ہیں۔ اس مرتبہ جب حیدرآباد سیلاب سے متاثر ہوا تو ان نوجوانوں نے متاثرین کا بھرپور ساتھ دیا۔ پروگرام کا آغاز مولانا عبدالرقیب کی تلاوت کلامِ پاک سے کیاگیا۔ اس موقع پر تقریباً تین سو والینٹرس کو اعزاز سے نوازا کیاگیا۔ مولانا عبداللہ معاذ صاحب معاون نائب صدر صفا بیت المال انڈیا نے پروگرام کی کاروائی چلائی۔ مفتی عبدالمہیمن اظہر القاسمی نائب صدر صفا بیت المال انڈیا نے افتتاحی خطاب میں مہمانوں کا استقبال کیا۔ صدر محترم کی دعاء پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×