صفا بیت المال‘ ایکسیس فاؤنڈیشن اور ایس آئی او کے تحت میڈیکل ہیلپ لائن کی خدمات
حیدرآباد: 4؍جولائی (پریس ریلیز) مفتی عبدالمہیمن اظہر القاسمی انچارج برائے امور صحت کی اطلاع کے مطابق صفا بیت المال ، ایکسیس فاؤنڈیشن اور ایس آئی او کے اشتراک سے میڈیکل ہیلپ لائن قائم کیا گیا ہے۔ ملک میں وبائی مرض کووڈ یا اس کی علامات کی وجہ سے جو لوگ بخار، گلے میں درد ، جسم درد ، سردی ، نزلہ اور دیگر امراض کا شکار ہیں ان تمام کی طبی رہنمائی کے لیے ماہر ڈاکٹرس سے فون کال یا ضرورت پڑنے پر ویڈیو کال کے ذریعہ تشخیص کا انتظام کیا گیا ہے۔ نیز رعایتی قیمت پر دوائیں بھی فراہم کی جائیں گی ، جن بیماروں میں کووڈ کی علامتیں پائی جا رہی ہیں ان کی صحیح رہنمائی کے لئے صفا بیت المال، ایکسیس فاؤنڈیشن اور ایس آئی او نے ڈاکٹرس، آپریٹرس اور والینٹرس کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے ۔ ان تمام بیماروں کے لیے فون نمبر7306600600 الاٹ کیا گیا ہے ، جس نمبر پر پانچ سے سات افراد بیماروں کے فون کالس حاصل کرنے کے لیے مقرر ہیں ، جو آپ کے فون کرنے پر آپ کی بیماری سے متعلق جانکاری حاصل کریں گے اور متعلقہ ماہر ڈاکٹروں سے ربط کروائیں گے ، جن بیماروں کو پلس ایکزومیٹر یا آکسیجن سلینڈر کی ضرورت ہو انہیں بغیر کسی کرایہ کے مختصر سی امانت رکھ کر یہ اشیاء استعمال کے لئے دی جائیں گی جو ضرورت کی تکمیل پر قابل واپسی ہوں گی۔ حالات کے اس قدر سنگین ہونے کے باوجود اس وبائی مرض کے علاج کے سلسلے میں لوگ لاپرواہی اور تساہل برت رہے ہیں۔ صفا بیت المال، ایکسیس فاؤنڈیشن اور ایس آئی او کے ذمہ داران نے عوام سے بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر کی اپیل کی ہے ۔