پہاڑی شریف بابا شرف الدینؒ سے متصل بارہ ایکڑ موقوفہ اراضی پر فروٹ منڈی
حیدرآباد: 31؍دسمبر (عصرحاضر) تلنگانہ وقف بورڈ نے درگاہ حضرت بابا شرف الدین سہروردیؒ پہاڑی شریف کے دامن میں 12 ایکڑ موقوفہ اراضی پر فروٹ منڈی فروٹ مرچنٹس اسوسی ایشن کے حوالہ کرنے کے احکامات حوالہ کر دیے۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان نے قائد اپوزیشن تلنگانہ اکبر الدین اویسی‘ ارکان اسمبلی کوثر محی الدین‘ جعفر حسین معراج کے علاوہ عہدیداروں کی موجودگی میں احکامات اور حکومت سے جاری کردہ جی او کی نقول بھی حوالہ کی۔ وقف بورڈ کی جانب سے کتہ پیٹ مارکٹ سے بے دخل مسلم تاجرین کو 12 ایکڑ موقوفہ اراضی کرایہ پر دے کر انہیں مارکٹ کے قیام کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ماہ ستمبر میں احکام کی اجرائی عمل میں لائی گئی لیکن ان احکام کی اجرائی کے بعد عہدیداروں کی رکاوٹوں کو دور کرکے چند دن پہلے حکومت نے موقوفہ اراضی کو فروٹ مرچنٹس کے حوالہ کرنے جی او جاری کیا تھا اور جی او کی بنیاد پر از سر نو احکام جاری کرکے وقف بورڈ نے اراضی فروٹ مرچنٹس کے حوالہ کردی۔
محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ شہر سے قریب پہاڑی شریف میں فروٹ مارکٹ کے قیام سے نہ صرف میوہ کے تھوک تاجرین کو فائدہ ہوگا بلکہ مارکٹ میں قائم 200 سے زائد شیڈ میں خدمات انجام دینے والے 5000 سے زائد خاندانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے کتہ پیٹ فروٹ مارکٹ میں سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹل کے قیام کے لیے تاجرین کو ہٹایا گیا تھا لیکن اب شہر سے قریب انہیں موقوفہ اراضی پر کاروبار کی سہولت شہر میں ٹھیلہ بنڈی پر میوہ فروخت کرنے والوں کے لیے بھی سہولت کا باعث ہوگی اس کے علاوہ یہ وسیع و عریض اراضی کا استعمال‘ تحفظ اور وقف بورڈ کے لیے آمدنی کے آغاز کا ذریعہ ثابت ہوگی۔