آئینۂ دکن

حضرت مولانا قاضی سمیع الدین نرساپوری ؒکی دینی وملی خدمات ناقابل فراموش

حیدرآباد: 8؍اگسٹ (پریس نوٹ) مولانا انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کےبموجب مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ وآندھرا پردیش کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ،مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری ،مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی، مولانا محمد عبد القوی، مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی ،مولانا مصلح الدین قاسمی، مولانا محمد امجد علی قاسمی اورمولانا محمد ارشد علی قاسمی نے حضرت مولانا قاضی سمیع الدین نرساپوریؒ کے انتقال پُر ملال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیاہے، مجلس تحفظ ختم نبوت کے ذمہ دار علماءکرام نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا: حضرت مولانا قاضی سمیع الدین ریاستِ تلنگانہ وآندھراپردیش کے جیّد اور جلیل القدر علماء میں سے تھے، سرکردہ، باوقار اور سنیئرعلماء میں آپؒ کا شمار ہوتا تھا، عالم اسلام کی مشہور ومعروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند سے آپؒ نے 1966ء میں اپنی تعلیم مکمل کی، اس کے بعد اپنے ہی علاقہ نرساپور کو اپنی تمام تردینی وملی اور دعوتی واصلاحی خدمات وسرگرمیوں کا مرکز بنایا، مدرسہ مفتاح العلوم کی بنیاد رکھی، اور پھرتا حیات اس مدرسہ کے بانی وناظم کی حیثیت سے آپؒ نے اپنی پوری زندگی دینی تعلیم کے فروغ اور معاشرہ کی اصلاح کے لئے وقف کردی، آپ ؒ کے بہت سارے شاگرد ملک اور بیرون ملک دینی وملی خدمات سے وابستہ اور سرگرمِ عمل ہیں، حضرت مولانا قاضی سمیع الدین صاحب ؒ اپنی خداداد صلاحیتوں کو دینی خدمات کے ایک مخصوص دائرہ میں محدودرکھنے کے بجائے وقت اور حالات کے تقاضہ کے مطابق ملک وملت سے متعلق خدمات میں بھی آپؒ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مختلف دینی تنظیموں اور ملی اداروں کے قیام واستحکام میں آپؒ کا ذمہ دارانہ رول رہا، آپؒ ریاست ِ تلنگانہ وآندھرا کی قدیم تنظیم مجلس علمیہ کے بانی ارکان میں سے تھے، اور ایک عرصہ تک اس تنظیم کے نائب ناظم بھی رہے، خورد نوازی اور حوصلہ افزائی کے مزاج کی وجہ سے مولانا ؒ نوجوان علماء میں بھی بہت محبوب تھے، مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کی خدمات وسرگرمیوں سے آپؒ کو تعلقِ خاطر رہتاتھا، اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلندفرمائے، اُن کے دینی وملّی خدمات کو قبول فرماکر اُن کے لئے صدقہ جاریہ بنائے، پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×