شخصیاتمولانا عبدالرشید طلحہ نعمانی

مولانا غیاث احمد رشادی کی شاہ کار تخلیق؛ روح قرآن (مکمل) بیک نظر

قرآن مجید رب العالمین کا وہ کلامِ بلاغت نظام ہے،جس کی عظمت و شکوہ،رفعت و جلالت،کبریائی و بڑائی کا ہر کوئی قائل ہے۔افلاک اپنی تمام تر وسعتوں کے باوجود،زمین اپنی بسط و کشادگی کے باوجود اور پہاڑ اپنی صلابت وبلندی کے باوجود اس بار امانت کو اٹھانے سے عاجز و قاصر رہے اور اللہ نے اس کا نزول سید الانبیاء و المرسلین محمد الرسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے قلبِ اطہر پرفرمایا۔پھر کابراً عن کابر،سینہ بہ سینہ یہ امانت منتقل ہوتی چلی آئی اور وعدۂ خداوندی کے مطابق تاقیامت یوں ہی باقی رہے گی۔ اس کے اعجاز کا ایک متواتر ثبوت یہ بھی ہے کہ قرنِ اول سے تاحال اس کلامِ معجز کے اسرار وحکم، رموز و اشارات اور معانی ومطالب کے بحر ذخار سے علماء راسخین اپنے اپنے دامن بھرتے چلے آرہےہیں؛ مگر کوئی بھی اس بحر ذخار کی تہہ تک رسائی کا دعویٰ نہیں کرسکا، لاکھوں کی تعداد میں تفاسیر وجود میں آنے کے باوجود کوئی یہ کہنے کی جسارت نہ کرسکا، نہ کر سکتا ہے کہ قرآن کے عجائب وغرائب میں میری کوشش ہی آخری ہے۔

قرآن مجید کے حوالے سے علماء امت کی روشن خدمات میں ایک اہم خدمت مختلف موضوعات کے مطابق آیات کی جمع وترتیب بھی ہے،عربی اور اردو میں اس حوالے سے متعدد نمونے سامنے آچکےہیں۔

زیر تبصرہ کتاب "روح قرآن”اس سلسلہ کی ایک عظیم کاوش اور گراں قدر کوشش ہے، کتاب کے مطالعہ سے قاری کو علوم اور مضامین قرآن پر بڑی حد تک دسترس ہو جاتی ہے۔اسم بامسمی یہ کتاب صاحب علم و فکر اور ارباب دانش و بینش کو یہ کہنے پرمجبور کردیتی ہےکہ قرآنی علوم میں ایسا جامع،مرتب، آسان مختصر اور عام فہم مجموعہ دستیاب نہیں ہے۔ یہ کتاب نہ صرف عام مسلمانوں کے لیے مفید ہے؛بلکہ پڑھا لکھا طبقہ بالخصوص علماء وخطباء بھی اس سے استفادہ کر سکتے ہیں،نیز اس کا مطالعہ تبلیغ اسلام کےفریضہ کو موثر طریقے سےانجام دینے میں بھی معاونت کر سکتا ہے۔

مولف کتاب محترم مولانا غیاث احمدرشادی ایک ہمہ گیر و ہمہ جہت شخصیت کا نام ہے ،آپ بہ یک وقت ایک دردمند دل انسان،ایک ماہر خطیب،ایک اچھے انشاء پرداز،بہترین منتظم اور متعدد دینی و ملی ادراوں کے سرپرست وذمہ دار ہیں۔آپ ہی کے گہر بار قلم سے کئی سال کی سعی مسلسل کے بعد پانچ جلدوں پر مشتمل قرآن پاک کی موضوعاتی ترتیب پرمبنی یہ شاہ کارتخلیق سامنے آئی ہے۔

روح قرآن( ایمانیات وعبادات پرمشتمل)کی دوجلدیں پہلی مرتبہ 1994میں مکتبہ سبیل الفلاح سے شائع ہوکر مقبول خاص وعام ہوئیں ؛جس پر ملک و ملت کے نامور مدبرین ومفکرین ،علماء و اکابرنے داد تحسین پیش کی اور خوب دعائیں دی ۔اب چودہ سال کے لمبے عرصے کے بعد اخلاقیات، معاماملات، معاشرت اور متفرقات پر مشتمل یہ مکمل مجموعہ ہدیۂ قارئین ہے۔معیاری کاغذ،دیدہ زیب طباعت اورحسین پیراہن میں پانچ جلدوں کو یکجا کرکے منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا نے اس کی اشاعت کا بیڑا اٹھایااور بہ حسن و خوبی اس راہ کی صعوبتوں کو برداشت کیا۔

مرتب :حضرت مولانا غیاث احمد رشادی مدظلہ

صفحات:1360

رقم:500

ناشر:منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا

اللہ مولف کو جزائے خیر عطافرمائے اور کتاب کو قبولیت کے اوج کمال تک پہونچائے ۔ آمین

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×