مولانا غیاث احمد رشادی کی تازہ تصنیف عام فہم درسِ قرآن (جلد اول) کا اجراء
حیدرآباد: 23؍جون (پریس ریلیز) مفتی عبدالمہیمن اظہر القاسمی کی اطلاع کے مطابق آج بتاریخ ۲۳؍ جون ۲۰۲۰ بروز منگل مولانا غیاث احمد رشادی کی تصنیف عام فہم درسِ قرآن کا رسم اجراء دفتر صفا بیت المال پر انجام پایا۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے عام فہم درسِ قرآن کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ تصنیف درسِ قرآن کی شکل میں ہے۔ مضمون کی مناسبت سے ایک یا دو آیتیں ایک درس میں لی گئیں ہیں اور ہر درس میں پہلے آیت یا آیتیں اور اس کے بعد لفظی ترجمہ اور ترجمہ لیاگیا ہے۔ ہر درس میں جتنی آیتیں لی گئی ہیں ان آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے جتنی باتیں بتلائی ہیں ان باتوں کو صاف اور واضح انداز میں ترتیب وار اور نمبر وار بیان کیاگیا ہے۔ آیات کی تفسیر مختصر، عام فہم اور سہل انداز میں تشفی بخش کی گئی ہے۔ جس درس میں جن آیتوں کو لیاگیا ہے ان آیتوں سے متعلقہ مضمون والی ایک یا دو آیتوں کو جو قرآنِ مجید میں دوسری جگہ ہیں حوالے اور ترجمہ کے ساتھ عموماً نقل کیاگیا ہے تاکہ قاری کو وہ مضمون آسانی سے سمجھ میں آجائے۔ عام فہم درسِ قرآن کی پہلی جلد سورۂ فاتحہ، بقرہ، آل عمران اور سورۂ نساء کی تشریح کے ساتھ ۷۰۴ صفحات پر مشتمل ہے۔ عام فہم درسِ قرآن جملہ چھ جلدوں پر مشتمل ہوگی جو بالتدریج منظر عام پر آتی رہیں گی۔ یہ کتاب ائمہ و خطباء کیلئے بھی مفید ہے جو روزانہ مساجد میں بعد نماز درس قرآن کا سلسلہ رکھنا چاہتے ہوں۔ نیز مردوں، عورتوں اور نوجوانوں کے لئے بھی یکساں مفید ہے۔ گھروں میں بھی روزانہ اس درس کا سلسلہ مفید و معلوماتی رہے گا۔
عام فہم درسِ قرآن کی رسم اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فصیح الدین ندوی صاحب نے فرمایا کہ قرآن مقدس اس لئے نازل کیاگیا کہ اس کو پڑھا جائے، سمجھا جائے، عمل کیاجائے اور اس کو دوسروں تک پہنچایا جائے۔ یہ بھاری بھرکم اور وزنی کلام الٰہی جب رسولِ رحمت ﷺ پر نازل ہوتا اور آپ اگر اونٹنی پر ہوتے تو وزن سے اونٹنی بیٹھ جاتی ۔ یہ مضبوط اور وزنی کلام اللہ تعالیٰ نے ہم سب کے لئے آسان بنادیا ۔ ولقد یسرنا القرآن للذکر کہ اس قرآنِ مجید کو نصیحت حاصل کرنے کے لئے آسان کردیا۔ حضرت مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب نے فرمایا کہ قرآنِ مجید ایسا بہترین کلام ہے جس کے سمجھنے کے لئے عربی زبان کا جاننا ضروری ہے ۔ اس کلام الٰہی کے ترجمے مختلف زبانوں میں ہوئے اور تفسیر یں بھی کی گئیں۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے عام فہم درسِ قرآن لکھ کر عوام الناس کے لئے قرآن سمجھنے کیلئے آسانی پیدا کردی ہے۔ یہ ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔ مولانا کا شروع ہی سے قرآنِ مجید سے شغف رہا ہے۔ عوام کو چاہئے کہ اس کتاب سے استفادہ کریں۔ مولانا وسیم الحق ندوی نے فرمایا کہ قرآنِ مجید حکمت والی کتاب ہے ۔ جیسے حالات ہوں حالات کے مطابق فیصلہ کرنے میں قرآنِ مجید سے نسبت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ جو قرآنِ مجید سے جتنا قریب ہوتا ہے وہ اتنا ہی آسانی سے حالات کے مطابق مناسب فیصلے کرسکتا ہے۔ عام فہم درسِ قرآن کے درس کا سلسلہ جن مساجد میں شروع کیاجائے گا ان مساجد کیلئے یہ کتاب ہدایتاً بلا قیمت دی جائے گی۔ مساجد کے ذمہ داران اس سلسلہ میں سیل نمبر 9989666811 پر ربط کریں ۔ اس اجلاس میں صفا بیت المال کے مرکزی دفتر کا عملہ موجود تھا، جن میں قابلِ ذکر جناب اعظم علی صاحب اکاؤنٹنٹ، حافظ اکرم اور حافظ مبشر خان وغیرہ موجود تھے۔
Better than the best