حیدرآباد و اطراف

نئے سال کے موقع پر اپنے ماضی کا جائزہ لیں اور ہرقسم کی خرافات و بے ہودگی سے باز رہیں !

حیدرآباد: 22؍دسمبر (پریس نوٹ) مولانا سید نذیر احمد یونس قاسمی (جنرل سکریٹری سٹی جمعیۃ علماء حیدرآباد)کی اطلاع کے بموجب مولانا محمد مصدق القاسمی(صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد)نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ زندگی اللہ کی عطا اور اس کی امانت ہے، اسے اللہ کے حکم کے مطابق بسر کرنے میں دونوں جہاں کی کام یابی ہے۔ جس نے اللہ کی نافرمانی کی گویا اس نے اپنی دنیا و آخرت کے لیے خسارے کا سودا کیا اور دائمی محرومی کو اپنا مقدر بنالیا ۔ مولانا نے کہا کہ نئے سال کے آغاز کو ہمارے بہت سے مسلم نوجوان بھی اغیار کی دیکھا دیکھی خوشی کے طور پر منارہے ہیں اور اس دوران ایسے ناجائز اور نامناسب کام کررہے ہیں، جنہیں ایک سلیم العقل انسان اچھی نگاہ سے نہیں دیکھتا اور نہ ہی انسانی سماج کے لیے وہ کام کسی طرح مفید سمجھے جاتے ہیں۔مثال کے طور پر 31 دسمبر اور یکم جنوری کے درمیان کی رات میں نئے عیسوی سال کے آغاز کی خوشی مناتے ہوئے بڑی مقدار میں پٹاخے چھوڑے جاتے ہیں، آتش بازی کی جاتی ہے، کیک کاٹے جاتے ہیں،مبارک بادیوں کا تبادلہ ہوتا ہے،رقص و سرود کی محفلیں جمتی ہیں،مخلوط تقاریب منعقد کی جاتی ہیں اور بہت سے بے حیائی کے کام انجام دیے جاتے ہیں ؛حالاں کہ ایک سال کا اختتام اور دوسرے سال کا آغاز ہمارے لیے درس عبرت و نصیحت ہے۔ضروری ہے کہ اختتام سال پر تھوڑا سا وقت نکال کر اپنا محاسبہ کريں کہ میں نے اس سال کیا پایا اور کیا کھویا؟ مجھے اس سال کیا کرنا چاہیے تھا اور کن چیزوں سے رکنا میرے لئے بہتر تھا، میں نے کن لوگوں کا دل دکھایا؟ اور کس قدر مجھ سے گناہ ہوئے؟ میں نے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر پر کتنے فیصد عمل کیا؟ مجھ سے کتنے لوگوں کو فائدہ پہنچا، میں نے کن سے ہمدردی کی اور کن کن کی حق تلفی کا میں مجرم بنا؟ ان تمام چیزوں کا ہمیں محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر سٹی جمعیۃ علماء اور دیگر ذمہ داران نے اس موقع پر علماء و خطباء سے اپیل کی ہے کہ ائندہ جمعہ اس موضوع پر اپنی اپنی مساجد میں جمعہ سے قبل خطاب فرمائیں اور قوم مسلم کو خواب غفلت سے بیدار کریں،انہیں اپنے فرائض منصبی سے واقف کرائیں اور وقت کی قدر کرنے کی طرف توجہ مبذول کروائیں ؛تاکہ نئی نسل اپنی ترجیحات کا تعین کرسکے اور لغو ولایعنی سے بچ کر دین و شریعت کے مطابق زندگی گزارسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×