مولانا آزاد یونیورسٹی کی یوم آزاد تقاریب؛ 8؍نومبر کو آزاد واک اور داستان گوئی کا اہتمام
حیدرآباد : 7؍نومبر (پریس ریلیز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یومِ آزاد تقاریب کا سلسلہ 3 نومبر سے شروع ہوا جو 11 نومبر کو یومِ آزاد یادگاری خطبہ پر ختم ہوگا۔ اس میں مختلف ثقافتی پروگرامس جاری ہیں۔ اس سلسلے میں 8 نومبر کو شام 6 بجے داستان گوئی کا اہتمام کیا جائے گا۔ محمد معراج احمد، اسسٹنٹ پروفیسر ایم سی جے کوآرڈنیٹر کے بموجب اوپن ایئر تھیئٹر میں پیش کیے جانے والے اس پروگرام میں ڈرامہ کلب آف مانو کے زیر اہتمام داستان ”تقسیمِ ہند“ پیش کی جائے گی۔ محمود فاروقی کی لکھی داستان کو یونیورسٹی کے طلبہ سید مظہر الدین اور مصباح ظفر پیش کریں گے۔ محفل داستان گوئی کے ڈائرکٹر معراج احمد ہیں۔ 8 نومبرکو ہی آزاد واک کا اوپن ایئر تھیئٹر تا مین گیٹ 3.00بجے دن اہتمام کیا جائے گا۔ پروفیسر محمد فریاد کوآرڈینیٹر ہیں۔
اس سے پہلے یومِ آزاد تقاریب 2021 کے ضمن میں کوئز مقابلوں کا آج انعقاد عمل میں آیا۔ فائنل راونڈ میں 10 طلبہ کا انتخاب ہوا ۔ مقابلہ گوگل میٹ کے ذریعہ آن لائن منعقد ہوا۔ انفرادی طور پر طلبہ سے براہ راست سوالات پوچھے گئے۔ ڈاکٹر جرار احمد، اسسٹنٹ پروفیسر و کوآرڈینیٹر کے بموجب سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے 3 طلبہ کو فاتح قرار دیا گیا ، جن میں ڈپلومہ ان سول انجینئرنگ کے طالب علم صادق حسین نے اول پوزیشن حاصل کی، تاریخ کے پی ایچ ڈی اسکالر محمد حارث دوسری پوزیشن پر رہے جب کہ تیسری پوزیشن ایم ایڈ کے طالب علم محمد احتشام الحق نے اپنے نام کی۔
اس موقع پر کوئز کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر طلحہ فرحان، ڈاکٹر وی ایس سومی، جہانگیر عالم، صبا خاتون، اشرف نواز، غفران برکاتی، ڈاکٹر شائستہ پروین، ڈاکٹر شیخ احتشام الدین، حبیب احمد اور زبیر احمد ودیگر موجود رہے۔ یونیورسٹی کے انچارج رجسٹرار اور صدر نشین یوم آزاد تقاریب پروفیسر صدیقی محمد محمود و کنوینر ڈاکٹر احمد خان، کمیٹی کے اراکین اور شرکا کی حوصلہ افزائی کے لیے اس مقابلہ میں شرکت کی اور مقابلہ کی کارروائی کو سراہا ۔ ساتھ ہی انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ اس مقابلہ میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو انعامات اور تمام شرکا کو ای سرٹیفکیٹ 11 نومبر کو دیئے جائیں گے۔ آج ہی مولانا آزاد پر فلم ”نقشِ آزاد“ کی پرویو تھیئٹر، میڈیا سنٹر میں اسکریننگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ رضوان احمد، کوآرڈینیٹر تھے۔
یوم آزاد تقاریب کے تحت 3 نومبر کو آن لائن بیت بازی کا مقابلہ منعقد کیا گیا۔ جس میں مختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ پروفیسر فاروق بخشی، شعبہ اردو اور ڈاکٹر محمود کاظمی، اسوسیئٹ پروفیسر شعبہ مطالعاتِ ترجمہ نے ججس کے فرائض انجام دیئے۔ ڈاکٹر امتیاز عالم ، کوآرڈینیٹر بیت بازی بموجب عبدالرحمن، شعبہ تعلیم و تربیت کو انعام اول کا مستحق قرار دیا گیا۔ محمد شبلی آزاد، شعبہ اردو اور عزیز انور شعبہ اسلامیات نے مشترکہ طور پر انعامِ دوم حاصل کیا جبکہ نعمت اللہ کو انعام سوم ملا۔ معیاری اشعار پڑھنے کے لیے عبدالرحمن کو اور عزیز انور کو بہترین اندازِ پیشکش کے لیے خصوصی انعامات دیئے گئے۔
علاوہ ازیں محمد اکمل، شعبہ صحافت و الکٹرانک میڈیا اور سمیہ کو ترغیبی انعامات دیئے گئے۔ محمد عاطف اور محمد حشمت نے کمیٹی کے اراکین کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیئے۔ اس پروگرام کی نظامت ڈاکٹر بی بی رضا خاتون، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اردو نے کی۔ دریں اثناءیومِ آزاد تقاریب کے تحت آج کوئز مقابلہ اور مولانا آزاد پر فلم کی پیشکش منعقد ہوئے۔