آئینۂ دکن

مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا کے اجلاس عام کو کامیاب بنانے مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ‘ مولانا خالد سیف الله رحمانی اور مولانا غیاث احمد رشادی کی اپیل

حیدرآباد: 8/دسمبر (پریس نوٹ) ریاست تلنگانہ وآندھراپردیش کے علمائے کرام کی مؤقر وقدیم تنظیم مجلس علمیہ تلنگانہ وآندھراپردیش کا اجلاس عام ۱۰؍ ڈسمبر بروز ہفتہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد شیورام پلی حیدرآباد میں منعقد ہوگا ، اس اجلاس کو کامیاب بنانے مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی اور مولانا خالد سیف الله رحمانی نے اپیل کی ہے۔ واضح ہو کہ اس اجلاس کی صدارت حضرت مولانا سید اکبر صاحب مفتاحی ناظم مجلس علمیہ تلنگانہ وآندھراپردیش فرمائیں گے ۔مولانا خالد بیگ ندوی ٹمکور اور مولانا صلاح الدین سیفی صاحب گجرات مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ ان کے علاوہ شہر حیدرآباد وریاست کے اکابر علمائے کرام موجودہ حالات کے نہایت سلگتے ہوئے عناوین پر خطابات فرمائیں گے ، جمعہ کی رات میں پہونچنے والے تمام مہمانوں کا دارالعلوم حیدرآباد میں قیام کا نظم رہے گا ،اس موقع پر مجلس علمیہ کے ماہنامہ ترجمان ’’ضیائے علم ‘‘ کے خصوصی شمارہ ’’تحفظ مدارس نمبر‘‘ کا رسم اجراء بھی عمل میں آئے گا ۔ تمام علمائے کرام سے بپابندیٔ وقت اجلاس عام میں شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ، جن حضرات تک دعوت نامہ نہ پہونچ سکا ہو وہ اسی کو دعوت نامہ تصور فرمائیں ۔

مولانا غیاث احمد رشادی بانی و مینیجنگ ٹرسٹی منبر و محرا فاؤنڈیشن نے کہا کہ متحدہ ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش کی قدیم و موقر علماء کرام کی نمائندہ تنظیم مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے اجلاس عام بتاریخ 10/دسمبر بروز ہفتہ بمقام جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کو کامیاب بنانے اور دونوں ریاستوں کے علماء کرام و اساتذہ مدارس سے اس اجلاس میں شرکت کرنے و استفادہ کریں۔ مولانا رشادی نے کہا کہ ملک بھر میں مسلمان بالخصوص مدارس اسلامیہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے ان حالات میں ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اپنے نظام کو مرتب رکھیں اکابر و اصاغر کے باہم ارتباط سے مدارس کی بقا و تحفظ کے لیے کوشاں رہیں۔ یہ اجلاس عام کا انعقاد اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ اس اجلاس کو ملک کے ممتاز عالم دین تعلیمی میدان میں اپنا ایک باوقار ریکارڈ رکھنے والی معزز شخصیت حضرت مولانا خالد بیگ ندوی دامت برکاتہم اور صاحب نسبت بزرگ، عوام و خواص میں مقبول عالم دین حضرت مولانا پیر صلاح الدین سیفی نقشبندی دامت برکاتہم کی شرکت اور حوصلہ افزا کلیدی خطابات ہوں گے۔ علاؤہ ازیں ریاستی سطح کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اکابر علماء و ماہرین کے خصوصی اور اہم ترین سیشنز ہوں گے۔ اس اجلاس میں ان شاء اللہ عارف باللہ امیر شریعت حضرت مولاناشاہ جمال الرحمن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم، حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب دامت برکاتہم‘ حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم کے خطابات کے علاوہ مدارس کے قانونی معاملات ومالی نظام کی شفافیت کے عنوان پر مفتی عبدالمہیمن اظہر القاسمی کا خصوصی سیشن ہوگا نیز اس موقع پر دینی مدارس میں عصری نصاب کی شمولیت اہمیت اور طریقہ کار کے عنوان پر مولانا محمد عمر عابدین قاسمی روشنی ڈالیں گے۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے مزید کہا کہ مجلس علمیہ ریاست کی وہ نمائندہ تنظیم ہے جس نے متحدہ ریاست کے مختلف اضلاع میں مدارس اسلامیہ کے قیام کے ذریعہ تشنگان علوم نبوت کو سیراب کیا یہی وجہ کہ آج دونوں ریاستوں میں مدارس اسلامیہ کی ایک جال پھیلی ہوئی ہے جس سے ہزاروں طلبہ نے نہ صرف فراغت حاصل کی ہے بلکہ آج علوم اسلامی کی ترویج و اشاعت میں مصروف بھی ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ریاست کے تمام مدارس و مکاتب کے نظماء اور اساتذہ و ذمہ داران اس اجلاس میں پہنچ کر استفادہ کریں تاکہ یہ اجلاس ایک بامقصد و بامراد اجلاس ثابت ہوسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×