آئینۂ دکن

جمعیۃ علماء کی شہری و ضلعی یونٹوں میں ہنگامی مشاورتی اجلاس کا انعقاد

حیدرآباد: 11؍ڈسمبر (عصر حاضر) جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا سید محمود اسعد مدنی کی جانب سے CABکے خلاف جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سے پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے منعقد کرکے مرکز کو رپورٹ بھیجنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہدایت ملتے ہی ریاستی جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا کے صدر حافظ پیر شبیر احمد صاحب نے تمام یونٹوں میں ہدایت نامہ جاری کیا۔ شہر و اضلاع کی یونٹوں کے صدور و نظمائے اعلی کی جانب سے ہنگامی اجلاس طلب کئے جارہے ہیں اور لائحہ عمل پر غور و خوص کیا جارہا ہے۔

چنانچہ سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کی جانب سے مفتی عبد المغنی صاحب صدر سٹی جمعیۃ کی صدارت میں آج بتاریخ 11؍ڈسمبر بروزِ چہارشنبہ بعد نمازِ عشاء مسجد عثمانیہ لکڑ کوٹ چھتہ بازار میں تمام اراکین کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوگا۔

جمعیۃ علماء نظام آباد کی جانب سے مولانا عبد القیوم شاکر القاسمی جنرل سکریٹری ضلع نظام آباد ودیگر ذمہ داران نے 10؍ڈسمبر کو ہی ہنگامی اجلاس میں یہ اعلان کردیا گیا کہ جمعہ کے دن بعد نمازِ جمعہ پورے منظم انداز میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔

شہریت ترمیمی بل کے تناظر میں مرکزی وریاستی جمعیۃ علماء کی ہدایت پر کل بعد نماز عشاء جمعیہ علماء ضلع وقارآباد کی ہنگامی میٹنگ طلب کی گئی جس کی صدارت مولانا محمد عبداللہ اظہر صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے کی جس میں متفقہ طور پرطئے کیا گیا کہ بتاریخ 13 ڈسمبر بروز جمعہ ضلع وقارآباد کے تمام تعلقہ جات(وقارآباد، تانڈور، کوڑنگل اور پرگی) میں خاموش اور پرامن احتجاج کئے جائیں گے۔ اس اجلاس میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے تمام ذمہ داران نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ مختلف اضلاع میں بھی مشاورتی مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ پوری ریاستوں میں سب سے منظم اور بڑے پیمانہ پر تلنگانہ و آندھرا پردیش میں احتجاج درج کیا جائے گا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×