اپنے حقوق کے لیے کسانوں کی جدو جہد قابلِ قدر کارنامہ‘ بھارت بند کو کامیاب بنائیں: مفتی عبدالمغنی مظاہری
حیدرآباد: 7؍ڈسمبر (عصر حاضر) مولانا سید نذیر احمد یونس القاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کے بموجب مفتی عبدالمغنی مظاہری صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد نے مرکزی حکومت کے تینوں زرعی قوانین کے خلاف 8؍ڈسمبر کو کسانوں کے بھارت بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ ایوانِ بالا و ایوانِ زیریں سے زرعی اصلاحات بلوں کی منظوری کے بعد سے کسانوں میں شدید غصہ پایا جارہا ہے اور کسان تنظیمیں سراپا احتجاج بنی ہوئی ہیں‘ حکومتوں کی عدم توجہ کے سبب اس احتجاج میں شدت پیدا ہوتی جارہی ہے اور کسان اپنی ریاستوں سے نکل کر قومی راجدھانی دہلی کا رخ کرنے پر مجبور ہوگئے۔ اس وقت شمالی ہند کی متعدد کسان تنظیموں کی جانب سے دہلی میں جو احتجاج کیا جارہا ہے وہ مثالی احتجاج ہے‘ کسان اپنے حقوق کی لڑائی کے لیے جس طرح سخت سردی کی پرواہ کیے بغیر کئی دنوں سے سڑکوں پر دن رات گزار رہے ہیں یہ نہایت قابل قدر کارنامہ ہے۔ ایسے حالات میں ان کسانوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارا ملی فریضہ ہے۔ کسانوں کے بھارت بند کو ملک کی نہ صرف سماجی تنظیموں کی جانب سے حمایت حاصل ہورہی ہے بلکہ ریاستی حکومتیں بھی ان کے اس بند کو کامیاب بنانے کے لیے کوشاں نظر آرہی ہے۔ مفتی عبدالمغنی صاحب نے کہا کہ سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کے جمیع ذمہ داران کی عوام الناس سے یہ اپیل ہے کہ وہ کسانوں کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے 8؍ڈسمبر ملکی سطح پر بند کو کامیاب بنائیں بالخصوص شہریانِ حیدرآباد رضاکارانہ طور پر اس بند میں بهر پور حصہ لیکر کسانوں کی آواز بنیں۔