آئینۂ دکن

کوویڈ 19کے مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ پر تشویش

حیدرآباد23 جون ( پریس نوٹ ) ملک میں کرونا وائرس کے واقعات میں اچانک اضافہ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جہاں اس وبا پر قابو پانے اور اس کی روک تھام کے لئے سخت گیر اقدامات کررہی ہے‘ وہیں عوام کو بھی انتظامیہ کے اقدامات میں بھر پور تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بھی گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کئی واقعات ہوئے ہیں‘ خاص طور پر شہر حیدرآباد میں کوویڈ 19کے کیسس میں اضافہ باعث تشویش ہے ۔ جس رفتار سے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے علاج کے لئے اس تناسب سے انتظامات نہیں ہیں ‘جس کی وجہہ سے عوام کو دشواریوں کا سامناکرنا پڑ رہا ہے ‘ حکومت نے خانگی دواخانوں میں بھی اس بیماری کے علاج کی سہولت دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ لیکن خانگی دواخانوں میں علاج کافی مہنگا ہے اور عام آدمی اخراجات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت نے خانگی دواخانوں میں علاج کی سہولت دے دی ہے تو پھر اس بیماری کو آروگیہ شری کے تحت لانے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں‘ اس سے غریبوں کو کافی سہولت ہوگی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت اس تجویز پر ہمدردانہ غور کرے گی اور فوری اس بیماری کو آروگیہ شری کے تحت لانے کااعلان کرے گی۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ اور پی ایم کیرز فنڈ سے بھی مریضوں کی امداد کی جائے اور جو لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ان کے خاندانوںکو رقمی امداد منظور کی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×