آئینۂ دکن

ائمہ خطباء نمازوں کو مختصر کریں اور جمعہ میں صرف عربی خطبہ پر اکتفاء کریں: مفتی عبدالمغنی مظاہری

حیدرآباد: 19؍مارچ (عصر حاضر) سٹی جمیعۃ علماء گریٹر حیدرآباد کے صدر  مفتی محمد عبد المغنی مظاہری و جمیع اراکین ذمہ دار اکابر علماء کرام کی جانب سے ائمہ و خطباء اور عوام الناس سے یہ اپیل کی گئی کہ کورونا وائرس کی وباء  کے پیش نظر حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے طور پر کیے جارہے اقدامات کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنی مسجد سے متعلق مصلیوں کو پابند بنانے کی کوشش کریں اور خطباء کرام نمازِ جمعہ کے موقع پر صرف عربی خطبہ پر اکتفاء کرتے ہوئے نمازِ جمعہ کی تکمیل کرے نیز ائمہ کرام پنج وقتہ نمازوں میں بھی اس کا لحاظ رکھیں۔ ذمہ دارانِ مساجد اپنی اپنی مساجد میں صفائی کا حد درجہ اہتمام کریں‘ عوام الناس سے یہ اپیل ہے کہ وہ اپنے گھروں سے ہی وضو اور سنت و نوافل کا اہتمام کرکے مساجد میں آئیں۔ اپنے محلوں اور گھروں کی صفائی پر توجہات مرکوز کریں۔ عوام الناس اگر پیشگی احتیاطی پہلو اختیار کرے گی تو ان شاء الله یہ عمل پھیلی وباء کو ختم کرنے میں معاون بنے گا۔ خاص طور پر جو حضرات نزلہ، زکام، کھانسی، بخار، سے متاثر ہیں اور ضعیف حضرات بھی فی الحال احتیاطی طور پر نمازیں گھروں پر ہی اداء کریں  ان شاءاللہ آپ کی نیت کے مطابق جماعت کا ثواب ضرور ملے گا۔ ان شاء الله۔ اس کے علاوہ دیگر پروگرام دینی اجتماعات وغیرہ کے انعقاد کے سلسلے میں احتیاط سے کام لیں۔

واضح ہو کہ اس وقت پوری دنیا کا نظام اس کورونا وائرس کی وجہ سے بے حد متاثر ہے اور ہمارا ملک اور ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی اس وائرس سے متأثرہ مریضوں کی تعداد میں آئے دن اضافہ ہورہا ہے۔ اور ہمارے ملک میں بھی یہ وبائی مرض کے پھیلنے کی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں اور اس سے لوگوں میں بہت ہی خوف و ہراس کا ماحول بنا ہوا ہے ۔ ایسے میں  ہم حکومتی اقدامات کو ہلکا نہ سمجھیں اور اس پر عمل آوری کی ہر ممکن کوشش کریں۔ حق تعالی ہم تمام کی حفاظت فرمائے آمین

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×