
محکمہ پولیس میں ملازمت کے لیے منتخب کردہ 15؍مسلم نوجوانوں کو داڑھی منڈوانے پر زور
حیدرآباد: 9؍مارچ (عصر حاضر) محکمہ پولیس میں کانسٹبل کی ملازمت کے لیے 15؍مسلم نوجوان اہل قرار دینے اور انہیں منتخب کرلینے کے باوجود ایس پی کی جانب سے ان پر داڑھی منڈوانے پر زور دیا جارہا تھا‘ یہ نوجوان کریم نگر میں پولیس ٹریننگ کالجوں میں زیر تربیت ہیں۔ انہوں نے قانونی طور پر اپنا حق حاصل کرنے کے لیے جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر حافظ پیر شبیر احمد صاحب سے رابطہ کیا۔ ریاستی جمعیۃ علماء کی جانب سے فوری طور پر اقدام کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کے لیگل اڈوائزر اور ہائی کورٹ کے وکیل ایم اے مجیب صاحب نے رٹ پٹیشن داخل کرتے ہوئے دستورِ ہند میں دی گئی اجازت کو بحال کرنے کی مانگ کی‘ جس پر ہائی کورٹ نے ان بچوں کو داڑھی کے ساتھ ملازمت پر رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری ریاستی جمعیۃ علماء نے مفتی ابوعبید قاسمی کشٹاپوری صدر دینی تعلیمی بورڈ وقارآباد کے ساتھ ایڈوکیٹ ایم اے مجیب سے ملاقات کرکے مقدمہ کی کامیاب پیروی کرنے پر ان کی گلپوشی کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔مزید تفصیلات کے لیے ان فون نمبرات پر ربط کریں: 27404616‘ 9848064987