آئینۂ دکن

تفہیم دین کورس مسابقہ کا کامیاب انعقاد ‘ 450؍سے زائد طلباء و طالبات نے کی شرکت

حیدرآباد: 30؍ستمبر (عصر حاضر) دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کے زیر اہتمام تفہیم دین کورس تحریری مسابقہ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ جس میں شہر کے مختلف عصری اسکولوں سے تعلق رکھنے والے زائد از 450؍طلباء و طالبات نے پورے شوق کے ساتھ شرکت کی۔ اذان انٹرنیشنل اسکول سات گنبد روڈ ٹولی چوکی کے وسیع و عریض کلاس رومس میں پورے مرتب انداز میں نہایت اہتمام کے ساتھ یہ مسابقہ منعقد کیا گیا‘ اس موقع پر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر مولانا محمد عبد القوی صاحب دامت برکاتہم نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ مسابقہ کے انعقاد کا مقصد عصری علوم سے وابستہ طلباء و طالبات میں دینی شعور بیدار کرنا ہے۔ بالخصوص نئی نسل کے وہ بچے جو مختلف اسکول و کالج میں زیر تعلیم ہیں انہیں اپنے مذہب‘ اپنے عقیدے‘ اپنی تہذیب اور اپنے اسلاف حضرات صحابہ اور انبیاء کرام علیہم السلام کی تعلیمات سے واقف کروانا ہے۔ پُر فتن حالات میں اس جانب نہ گھروں میں توجہ دی جارہی ہے اور نہ اسکولوں اور کالجوں کے ذمہ داروں کی اس جانب کوئی پیش رفت ہے‘ دین سے دوری ہونے کی وجہ سے طلباء پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ دینی تعلیمی بورڈ گریٹر حیدرآباد نے ان طلباء وطالبات تک اسلامی معلومات کو پہنچانے اور طلباء کے اندر اسلامی اصولوں کو اجاگر کرنے کے لیے جو اقدام کیا ہے وہ قابلِ ستائش اور لائق صد تحسین ہے۔ مولانا محترم نے اپنے صحافتی بیان میں مولانا سید مصباح الدین حسامی صدر دینی تعلیمی بورڈ جمیعۃ علماء گریٹر حیدرآباد اور حافظ محمد عمر فیضی و دیگر معاونین کو مبارکباد دی۔

دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی صدر مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی مہتمم دارالعلوم دیوبند نے بھی بورڈ کے مقامی صدر کے نام مکتوب روانہ فرماکر مسابقہ کے انعقاد پر بے حد مسرت کا اظہار کیا اور جمیع خدام کی خدمت میں مبارکباد پیش کی‘ بورڈ کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا۔

حافظ محمد عمر فیضی نے مسابقہ کے نتائج اور انعامات کے سلسلہ میں میڈیا کو بتایا کہ ان شاء الله 6؍اکٹوبر بروزِ اتوار صبح 10؍بجے تا 1؍بجے دن رائل ریجنسی آصف نگر حیدرآباد میں نتائج کا اعلان کیا جائے گا اور انعامی جلسہ منعقد ہوگا۔ اس جلسہ کے میں بطورِ مہمانِ خصوصی حضرت مولانا مفتی سید محمد سلمان منصور پوری جنرل سکریٹری مزکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند شرکت فرمائیں گے ان کے علاوہ شہر و ریاست کے مؤقر علماء کرام کی بھی شرکت ہوگی اسی پروگرام میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات دونوں کو علیحدہ علیحدہ 62000/- روپیے جملہ 124000؍روپیے کے انعامات کی تقسیم عمل میں آئے گی اور مسابقہ میں شریک تمام طلباء و طالبات کو سند شرکت سے نوازا جائے گا۔

واضح ہو کہ تحفظ سنت میڈیا کی جانب سے شائع کردہ کتاب ’’تفہیمِ دین کورس’’ جو ایمانیات‘ عبادات‘ اخلاق‘ معاملات اور معاشرت سے متعلق عام فہم انداز میں مرتب کی گئی اس کو گھر بیٹھے بآسانی طلباء و طالبات نے یاد کرکے مسابقہ میں حصہ لیا۔

مسابقہ کو کامیاب بنانے میں جن لوگوں نے حصہ لیا بالخصوص اذان انٹر نیشنل اسکول کے ذمہ داروں اور وہاں کے شعبہ دینیات کے ذمہ دار احباب اور اساتذہ  جنہوں نے نگرانی کا اہم فریضہ انجام دیا اسی طرح ٹولی چوکی کے علماء کرام جنہوں از اول تا آخر اس مسابقہ کے انعقاد میں اپنا گراں قدر تعاون پیش کیا ان سب کا بورڈ کی جانب سے شکریہ ادا کیا گیا۔

مسابقہ کے انعقاد کا جائزہ لینے والوں میں قابلِ ذکر علماء کرام میں مولانا مفتی محمد عبد المغنی مظاہری صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد‘ مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ جمیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش‘حافظ شبیر فیضی‘ حافظ عرفان نجیب‘ مفتی احسان احمد صدیقی قاسمی  ودیگر علماء کرام و عمائدین شامل رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×