حیدرآباد و اطراف
عید قرباں اللہ تعالی کی اطاعت و فرما نبرداری میں یکسوئی کا درس دیتی ہے: حامد محمد خان
حیدرآباد: 19؍جولائی (پریس ریلیز) امیر حلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ حامد محمد خان نے عید الاضحی کے موقع پر عامتہ المسلمین کو عید قرباں کی پر خلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید قرباں محض جانور کی قربانی کا نام نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و بندگی میں حضرت ابراہیم ؑ و حضرت اسمٰعیل ؑ کی یکسوئی اور سرِ تسلیم خم کرنے کی سنت کی تجدید کا پیغام ہے۔عید قرباں یہ درس دیتی ہے کہ اہل ایمان کے لئے اللہ کے احکام کی اطاعت و پیروی دنیا و مافیھا سے بہتر اور افضل ہے۔ عید قرباں کے موقع پر صاحب استطاعت افراد کے لئے قربانی کرنا تو واجب ہے لیکن تمام اہل ایمان کے لئے لازم ہے کہ وہ اس بات کا عہد کریں کہ ان کی آنے والی ساری زندگی اور زندگی کے سارے افعال و اعمال صرف اور صرف اللہ کی اطاعت و بندگی میں بسر ہو نگے اور وہ اللہ کی اطاعت اور اللہ کی بندگی کے لئے ا پنے جان مال و نفسانی خواہشات کو قربان کردیں گے۔ مولانا حامد محمد خان نے عامتہ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر قربانی کرتے ہوئے اس بات کو یاد رکھیں کہ اسلام نے پاکی و صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے اور اپنی خوشیوں میں برادران وطن کو بھی حتی الوسع شامل رکھنے کی کوشش کریں۔