آئینۂ دکن

کورونا کے مشتبہ مریضوں کوہوٹلوں میں کورنٹائن کی سہولت فراہم کریں

حیدرآباد: 13؍اپریل (پریس ریلیز) امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے ریاست میں جاری کورونا وائرس کی وباء سے ریاست کی عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے ریاستی حکومت اور وزیر اعلی جناب کے سی آر کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ہنگامی طور پر جو اقدامات کئے جارہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ مولانا حامد محمد خان نے اس بات کی ضرورت کا اظہارکیا کہ ریاست میں موجود اسٹارہوٹلس کو  ”کورنٹائن مراکز“  میں تبدیل کردیاجائے تاکہ وہاں ہر مشتبہ مریضوں کو علیحدہ سے رہنے کی سہولت فراہم کی جاسکے کیونکہ فی الحال سرکاری دواخانوں میں ہر فردکے لیے علیحدہ علیحدہ کورنٹائن کی سہولت فراہم کرنا ممکن نہیں ہے جس سے خدشہ ہے کہ کورونا سے محفوظ رہنے کا عمل متاثر ہوسکے گا۔ مولانا حامد محمد خان نے مزیدکہا کہ کورنٹائن کے عمل کو موثر انداز میں کیا جائے تو کورونا کے نئے کیسس سے بچاجاسکتا ہے ورنہ تھوڑی سی لاپرواہی اور غفلت سے کثیرآبادی اس مہلک مرض کا شکار ہوسکتی ہے۔اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی اپنے گھروں میں رہنے کی اپیل کی اورحکومت اورانتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی ہدایتوں پر مناسب عمل کرنے کا مشورہ دیا تاکہ اس وباء پر جلد قابوپایاجاسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×