آئینۂ دکن

وسیع منہج اور طریقہ کار کے سبب اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا ایک اہم اور متحرک مجمع فقہی ہے: مولانا محمد عمر عابدین قاسمی مدنی

دنیا میں موجود مجامع فقہیہ کے اغراض و مقاصد اور منہج و طریقہ کار کو دیکھائے جائے تو سب کے یہاں چار پانچ اغراض و مقاصد سے زیادہ نہیں ملتے، سب کے یہاں کچھ مخصوص مقاصد ہیں جن کا تعلق فقہی اجتہاد سے ہے۔ اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا وہ واحد ادارہ ہے جس نے فقہی اجتہادکے علاوہ فقہ و فتاوی کے لیے فکری ذہن سازی کو بھی اپنے اغراض و مقاصد میں جگہ دی ہے، اسی طرح اجتماعی اجتہاد کے لیے اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کا جو منہج اور طریقہ کار ہے وہ دوسرے مجامع کے مقابلہ میں زیادہ بہتر ہے کہ اس میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی آراء پر بحث ومناقشہ کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نوجوان اسکالر مولانا محمد عمر عابدین قاسمی مدنی (نائب ناظم المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد)نے اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے زیر اہتمام "اجتماعی اجتہاد کے معاصر ادارے: تعارف و طریقہ کار اور خدمات” کے عنوان پر منعقد محاضرہ میں کیا۔

مولانا نے اپنے محاضرہ میں اجتہاد کی تعریف اور اقسام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجتہاد کی دو قسمیں ہیں، ایک وہ اجتہاد جس میں اسلاف کے اجتہادی مسائل کو عصر حاضر کی روشنی میں دوبارہ حل کیا گیا، جیسے طلاق سکران کا مسئلہ۔ اجتہاد کی دوسری قسم ان مسائل سے ہے جو اسلاف کے زمانے میں نہیں تھے اور موجودہ زمانے میں نئی ٹیکنالوجی اور نئی تبدیلیوں کی وجہ سے پیش آئے، مثلاً بیکنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مربوط مسائل وغیرہ۔ محاضر محترم نے ان مفکرین کے حوالے سے بھی گفتگو کی جنہوں نے نئے دور میں اجتہاد اور اس کے طریقہ کار کے حوالہ سے سب سے پہلے گفتگو کی اور اپنی آواز کو صدائے بازگشت بنایا۔ مولانا نے دنیا میں موجود اہم مجامع فقہیہ مثلاً مجمع الفقہ الاسلامی الدولی، المجمع الفقہی الاسلامی مکہ، یورپین افتاء کونسل، اسلامک افقہ اکیڈمی انڈیا، مجمع فقہاء الشریعۃ امریکا کے علاوہ دوسرے مجامع کا مختصر تعارف پیش کیا، اور یہ بیان کیا کہ ان مجامع سے کس طرح استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر پروگرام کے صدر مولانا عبد القادر خان قاسمی صاحب نے بھی موضوع سے متعلق مختصر اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر صفدر زبیر ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور محاضر محترم کا تعارف پیش کرنے کے علاوہ شرکاء کا استقبال کیا۔ صدر محترم کی دعاء پر محاضرہ اختتام پذیر ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×