حیدرآباد و اطراف

عنایہ چیرٹیبل ٹرسٹ مولاعلی کا پہلا سالانہ اجلاسِ عام‘ مولانا پی ایم مزمل رشادی والا جاہی ہوں گے مہمانِ خصوصی

حیدرآباد: یکم؍جنوری (عصرحاضر) عنایہ چیرٹیبل ٹرسٹ مولی علی نےایک سال قبل چند متحرک و فعال نوجوانوں کے بلند ترین عزائم کے ساتھ اپنی خدمات کا آغاز کیا۔ ادارہ کے قیام کا مقصد بلاتفریقِ مذہب وملت مستحق، پسماندہ اور محروم افراد تک پہنچنا،ان کے احوال کی خبر گیری کرنا اور حالات کے تقاضوں کوسامنےرکھتےہوئے ان کی وسعت بھر امداد کرنا، ان میں خود اعتمادی اور خود مختاری کاجذبہ پروان چڑھانا، نیز انسانوں کے دلوں میں انسانیت، پیار اور محبت کی شمع روشن کرنا ہے۔ بفضلہ تعالی محض ایک سال کے عرصہ میں ادارہ کی جانب سے رفاہی، فلاحی، طبی، تعلیمی، ہنگامی اور موسمی خدمات کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ آفاتِ سماوی و ارضی سے متأثرہ افراد تک پہنچ کر ان کی داد رسی کی مقدور بھر سعی کی گئی ہے۔
ٹرسٹیانِ ادارہ کے مشورہ سے طے کیا گیا کہ ادارہ کی ایک سالہ کارکردگی سے عوام الناس کو روشناس کروانے کے لیے ایک عمومی اجلاس منعقد کرکے عوام میں جذبۂ خدمتِ خلق کو اُجاگر کیا جائے۔ نیز اس موقع سے اکابر علماء کرام کے قیمتی خطابات سے استفادہ کا موقع بھی فراہم کیا جائے۔ چنانچہ اسی مناسبت سے ایک عمومی اجلاس بتاریخ 2؍جنوری بروزِ ہفتہ بوقت بعد نمازِ مغرب متصلاً بمقام رائل فنکشن ہال ایس پی نگر مولی علی طے کیا گیا ہے۔

رئیس القلم حضرت مولانا سید احمد ومیض ندوی نقشبندی مدظلہ استاذ حدیث جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد و خلیفہ حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی دامت برکاتہم اجلاس کی صدارت اور حافظ و قاری محمد غوث الدین صاحب ناظم مدرسہ ریاض العلوم مولاعلی نگرانی فرمائیں گے۔ اس اجلاس میں ملک کے ممتاز عالمِ دین و شعلہ بیاں مقرر حضرت مولانا پی ایم مزمل رشادی والا جاہی اور میدانِ خدمتِ خلق کے عظیم شہ سوار حضرت مولانا غیاث احمد صاحب رشادی مدظلہ کے قیمتی خطابات ہوں گے۔ مولانا عبدالماجد رشادی سکریٹری عنایہ ٹرسٹ ادارہ کی جانب سے ایک سال کے دوران کی جانے والی خدمات کی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے جبکہ خطبۂ استقبالیہ حافظ محمد اقبال احمد صاحب صدر ٹرسٹ پیش کریں گے۔
جمیع ذمہ داران و اراکینِ عنایہ چیرٹیبل ٹرسٹ نے عامۃ المسلمین سے درخواست کی ہے کہ وہ اس اجلاس میں کثیر تعداد میں شرکت فرماکر اکابر علماء کے قیمتی خطابات سے استفادہ کریں۔

مزید تفصیلات کے لیے رابطہ کریں: 9032142362

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×