آئینۂ دکن

ماہِ رمضان المبارک اور موسم گرما کے پیشِ نظر دانا کشور کا واٹرورکس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس

حیدرآباد: ماہِ رمضان المبارک اور موسمِ گرما کے پیشِ نظر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے منیجنگ ڈائرکٹر دانا کشور نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ موسم گرما میں پانی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے جہاں بھی ضرورت ہو ان مقامات پر ٹینکرس کے ذریعہ مفت پانی سربراہ کیاجائے گا۔ انہوں نے تمام عہدیداروں سے کہا کہ وہ تمام ذخائر آب سے زائد ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی عمل میں لائیں۔ جن مقامات پر پانی کی سربراہی نہیں ہورہی ہے ان مقامات سے شکایت ملنے پر فوری ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کریں۔
دانا کشور آج دفتر واٹر ورکس میں گرمی کی شدت اور ماہ رمضان کے پیش نظر شہر میں پانی کی سربراہی کا عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوام کو کسی بھی پریشانی کے بغیر پینے کے پانی کی سربراہی پر اپنی خصوصی توجہ مرکوز کریں جہاں کہیں ضرورت ہو وہاں ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی عمل میں لائیں۔
اس کے لیے ٹینکرس میں پانی بھرنے کے لیے تمام ذخائر آب اور فلٹرس پر خصوصی انتظامات کریں۔ داناکشور نے بتایا کہ سنگور اور منجیرہ ذخائر آب پر بہت جلد تعمیر جدید کا کام شروع ہونے والا ہے۔ اس دوران اگر پانی کی سربراہی میں کوئی خلل پڑجائے تو فوری کسی رکاوٹ کے بغیر متبادل انتظامات کئے جائیں۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جہاں بھی شٹ ڈاؤن کی وجہ سے پانی کی سربراہی بند ہونے کا خدشہ ہے تو ان مقامات پر فوری ٹینکرس کے ذریعہ مفت پانی سربراہ کیاجائے اور صاف و شفاف پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ آلودہ پانی کی کوئی شکایت نہیں ہونا چاہئے۔
منیجنگ ڈائرکٹر نے ماہ رمضان میں مساجد میں ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ مساجد کے راستوں پر سیوریج لائن پر خصوصی نظر رکھی جائے جہاں بھی مین ہولس سے گندے پانی کا بہاؤ ہورہاہے وہاں فوری مین ہول کی صفائی پر توجہ دیں۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اگر عوام کی جانب سے سوشیل میڈیا فیس بک یا واٹس ایپ پر شکایت کی جائے تو اس کو ظاہر نہ کریں بلکہ فوری شکایت کو دور کرنے کے اقدامات کریں۔
داناکشور نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جہاں کہیں بھی آبر سانی‘ پائپ لائن سیوریج لائن یا مین ہولس کا کام ہورہا ہے تو اس کے لیے ضروری سامان کسی بھی اسٹور سے حاصل کریں اور فوری کاموں کی تکمیل کرتے ہوئے پانی کی سربراہی یا سیوریج لائن کو بحال کریں۔ اجلاس میں ٹکنیکل ڈائرکٹر روی کمار‘ ڈائرکٹر آپریشنز اجمیرا کرشنا اور دوسرے موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×