آئینۂ دکن

ریاست تلنگانہ کے ممتاز و مؤقر عالمِ دین مفتی عبدالمغنی مظاہری کا انتقال پُر ملال

حیدرآباد: 18؍اگست (عصرحاضر) ریاست تلنگانہ کی معروف شخصیت و ممتاز و مؤقر عالمِ دین حضرت مولانا مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری صاحب طویل علالت کے بعد آج 18؍اگست تین بجے شب انتقال فرماگئے۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ حافظ محمد عبدالغنی صاحب علیہ الرحمہ سابق نائب ناظم مدرسہ فیض العلوم سعیدآباد کے فرزند اکبر اور حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب ناظم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد کے برادرِ کبیر تھے۔ شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں آپ کی علمی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آپ مدرسہ سبیل الفلاح ٹرسٹ کے ناظم، مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و آندھر پردیش کے نائب صدر ، سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کے صدر، ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد ٹرسٹ کے سرپرست اور آل انڈیا بیت الامداد کے سرپرست تھے۔ علاوہ ازیں کئی رفاہی ادارے اور مدارس آپ کی زیر سرپرستی اس وقت رواں دواں تھے۔ آپ کی علمی و اصلاحی سرگرمیوں کے علاوہ رفاہی خدمات بھی نمایاں تھیں۔ خاص طور پر کورونا وبا کی وجہ سے  نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے بعد سے شہر حیدرآباد میں آپ کی سرگرمیاں مثالی رہیں اور آپ ہی کی زیر قیادت  سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کے اراکین نے لاک ڈاؤن کے دوران خدمات کی انجام دہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پچھلے سال شہر حیدرآباد میں آئے قیامت خیز سیلاب کے بعد آپ نے طبیعت کی ناسازی کے باوجود متأثرین کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو وقف کردیا تھا۔ اور مدرسہ سبیل الفلاح بنڈلہ گوڑہ میں متعدد مراحل میں امدادی کام سرانجام دیا۔ حضرت مفتی صاحب اپنی زندگی کے بالکل آخری مرحلہ میں اسی خدمت کے دوران بیمار ہوئے اور بیماری طول پکڑتی چلی گئی یہاں تک کہ آج آپ اپنے خالقِ حقیقی سے جاملے۔ اس وقت شہر حیدرآباد و ریاست میں آپ کے ہزاروں شاگردوں کے علاوہ مریدین، متعلقین اور متوسلین کی بھی ایک بڑی تعداد ہے۔ الله تعالی آپ کی خدمات کو شرفِ قبول عطا فرمائے۔ پسماندگان و جملہ متعلقین کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین

نوٹ: نمازِ جنازہ ادارہ اشرف العلوم خواجہ باغ سعیدآباد کے احاطہ میں بعد نمازِ ظہر ادا کی جائے گی۔ نماز ظہر ٹھیک 2؍بجے ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×