حیدرآباد و اطراف

گولکنڈہ قلعہ پر بی جے پی زعفرانی پرچم لہرائے گی: بنڈی سنجے

حیدرآباد: 17؍جنوری (عصرحاضر) جی ایچ ایم سی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے بعد تلنگانہ میں بھاجپا کے حوصلے مزید بلند ہوگئے اور اب پارٹی کی نظریں ریاست کے اسمبلی انتخابات پر لگی ہوئی ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کے سربراہ بنڈی سنجے نے کہا ہے کہ 2023 کے عام انتخابات میں بی جے پی اقتدار پر قبضہ کرنے کے لئے سخت محنت کرے گی۔ پارٹی ملک اور سچائی کے لئے آگے بڑھے گی۔ پارٹی کی عاملہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ پارٹی گولکنڈہ پر زعفرانی پرچم لہرائے گی۔
بنڈی سنجے نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لئے تشکیل دی گئی تھی تاہم اس میں کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔ ٹی آرایس حکومت ریاست میں تین لاکھ ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی۔ انہوں نے ریاست کو قرض کے جال میں پھنسا دینے کے لئے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو پر برہمی ظاہر کی ار کہاکہ حکومت کی غریبوں کے لئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کی اسکیم کے ذریعہ مکانات کی تعمیر مرکزی حکومت کے فنڈس کے ذریعہ کیے جا رہے ہیں۔
بنڈی سنجے نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران پارٹی نے بیشتر فلاحی کام انجام دیئے، جبکہ حکمران جماعت ٹی آرایس کے لیڈران انفکشن کے خوف سے گھروں میں آرام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے آیوشمان بھارت پروگرام کو نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ تین برسوں کے دوران ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو مالی مدد فراہم نہ کرنے پر وزیراعلی پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ تاخیر سے ادائیگی کی وجہ سے ملازمین اور وظیفہ یابوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×