حیدرآباد و اطراف

تلنگانہ میں آئندہ 48؍گھنٹوں کے درمیان شدید بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد: 11؍اکتوبر (عصر حاضر) تلنگانہ میں گذشتہ دو روز سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ حیدرآباد میں موسلادھار بارش کی وجہ سے مختلف سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہوگئیں۔ بعض مقامات پر بارش کا پانی مکانات میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کی وجہ سے ٹریفک جام دیکھا گیا۔ ٹریفک پولیس اور ڈیزاسٹر منجمنٹ کے اہلکاروں کو سڑکوں سے پانی کی نکاسی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے مختلف علاقوں کے علاوہ حیدرآباد میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے جس کے بعد انتظامیہ کو چوکس کردیا گیا۔تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ نے عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں پیر اور منگل کے روز شدید بارش کا انتباہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی اور حکام کو مکمل چوکسی اختیار کرنے کا حکم دیا۔ کے سی آر نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ وقتاً فوقتاً کلکٹرز، ایس پیز اور پولیس کمشنرز کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیں اور ضروری ہدایت دیں۔وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی احتیاط برتنے اور گھروں میں ہی رہنے کا مشورہ دیا جبکہ تیز بارش کی وجہ سے بعض مقامات پر سیلاب جیسی صورتحال کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×