آئینۂ دکن

شہر حیدرآباد میں لاک ڈاؤن پر پولیس کا رویہ سخت‘ 15؍ہزار سے زیادہ کیس بک

حیدرآباد 21؍اپریل (ذرائع) شہر حیدآباد میں کورنا وائرس کے اثرات تیزی سے پھیلنے اور کیسس میں اضافہ کے سبب پولیس نے آج لاک ڈاوُن پر سختی سے عمل شروع کردیا اور دونوں شہروں میں سینکڑوں گاڑیاں ضبط کرلی گئیں ۔ دوکانوں کو بھی 2؍بجے بندکر نے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ ڈی جی پی ایم مہندر ریڈی نے منگل سے سختی برتنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد آج صبح سے ہی پولیس سرگرم ہوگئی اورشہر میں تلاشی میں شدت پیدا کر دی ۔ پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 15,315 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیا جبکہ 3634گاڑیاں ضبط کرلی گئیں۔  پرانے شہر کے علاقے مدینہ سرکل پر پولیس نے اندرون 40 منٹ 400 گاڑیاں ضبط کیں۔ پولیس نے آج 3کیلومیٹر کے لزوم پر سختی سے عمل کیا اور سڑک پر آنے والے افرادکے شناختی کارڈس کی بھی تنقیح کی۔ پولیس نے کنٹینمنٹ زونس میں بھی سختی کی۔پولیس کمشنر انجنی کمار نے لاک ڈاؤن پر عمل آوری کی راست نگرانی کی۔ انہوں بعض گاڑیوں پر چسپاں ضروری اشیاء کے پاسیس کو منسوخ کردیا ۔ پولیس نے شہر میں کئی دوکانات کو دن کے2 بجے بند کر وادیا اور ٹھیلہ بنڈی والوں کو بھی تخلیہ کروادیا ۔ شہر کے کئی علاقوں بشمول چادر گھاٹ چوراہا ، معظم جاہی مارکٹ ، رویندرا بھارتی ، پبلک گارڈن ، بیگم پیٹ کے علاوہ پرانے شہر کئی علاقوں میں نئے چیک پوسٹ قائم کئے جہاں پر سختی سے تلاشی لی جارہی ہے ۔ پولیس نے پرانے شہر کے علاقہ امان نگر ، تالاب کٹہ ، مغل پورہ کے علاوہ آصف نگر ، لنگر حوض اور ملے پلی میں سختی میں اضافہ کردیا تھا ۔ ڈی سی پی ٹاسک فورس پی رادھا کشن راؤ نے ملے پلی میں غیر ضروری سڑکوں پر گھومنے والے 100 افراد کو حراست میں لیکر متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا ۔ شہر میں بڑھتے کورونا وائرس کیسیس کے پیش نظر ڈی جی پی نے سٹی پولیس کو سختی سے پیش آنے کی ہدایت دی تھی ۔ لاک ڈاؤن کے دوران پولیس نے صحافیوں اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے کئی افراد کو بھی ہراساں کیا اور شناختی کارڈ بتانے کے باوجود کئی سوالات کئے ۔ پولیس نے دونوں شہروں کے پولیس اسٹیشن کا چارٹ تیار کیا جس میں یہ بتایا گیا کہ آصف نگر پولیس اسٹیشن میں 49 ، بھوانی نگر پولیس اسٹیشن میں 39 ، رین بازار میں 23 ، کالا پتھر میں 20 اور گولکنڈہ پولیس اسٹیشن حدود میں 19کورونا وائرس کے پازیٹیو کیسیس ریکارڈ کئے گئے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×