
تلنگانہ سے عازمین حج کی روانگی 17؍جون سے متوقع، عنقریب تربیتی کیمپس کا ہوگا انعقاد
حیدرآباد: 11؍مئی (عصرحاضر) حج 2022 کے لئے تلنگانہ سے منتخب عازمین حج کی رہنمائی کیلئے تربیتی کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے جائزہ حاصل کرنے کے بعد حج کیمپ 2022 کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حیدرآباد اور اضلاع میں تربیتی کیمپس کے انعقاد کی روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر اور اضلاع میں حج کیمپ کیلئے عنقریب مقامات کا تعین کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں مختلف اداروں سے مشاورت کی جائے گی جو حجاج کرام کی خدمت کا ریکارڈ رکھتے ہوں۔ محمد سلیم نے کہا کہ کیمپ میں عازمین کیلئے گرما کے پیش نظر موثر انتظامات کئے جائیں گے۔ حج کیمپس کے انعقاد کیلئے شہر اور اضلاع کی مختلف تنظیموں کی جانب سے حج کمیٹی سے ربط قائم کیا گیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے عازمین کی روانگی کے شیڈول کی اجرائی کے بعد حج کیمپ کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش، کرناٹک ، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین سعودی عرب کیلئے روانہ ہوتے ہیں۔ حج کیمپ کے علاوہ ایر پورٹ پر موثر انتظامات کیلئے عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ محمد سلیم نے کمیٹی کے عہدیداروں اور ملازمین کے ساتھ اجلاس میں واضح کیا کہ ہر شخص کی اولین ترجیح عازمین حج کی بہتر خدمت ہونی چاہیئے۔ ذمہ داریوں میں تغافل اور لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ کے انعقاد کے سلسلہ میں وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور وزیر داخلہ محمد محمود علی سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح حج کیمپ کے انعقاد کیلئے مختلف کاموں کے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج کمیٹی کے عہدیداروں اور ملازمین کو عازمین حج کی خدمت پر فخر کرنا چاہیئے اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنے مہمانوں کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے۔ عنقریب علماء و مشائخین اور مسلم اداروں کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حج کمیٹی کی کارکردگی کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ دفتر کے اوقات کی پابندی کریں۔ عازمین حج کی پروازوں کا 17 جون سے آغاز ہوسکتا ہے اور راست فلائیٹ کے ذریعہ عازمین جدہ روانہ ہوں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج سیزن کے دوران حج کمیٹی کو 24 گھنٹے خدمات انجام دینا ہوگا۔ جاریہ سال عازمین حج شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ کے مین ٹرمنل سے روانہ ہوں گے۔ حج ٹرمنل سے روانگی کے بارے میں جی ایم آر حکام سے مشاورت جاری ہے۔ر