تلنگانہ کے ایم ایل ایز کو خریدنے کا معاملہ‘ ملزمین کے خلاف مقدمات درج‘ 80؍منٹ کا ویڈیو فوٹیج بھی دستیاب
حیدرآباد۔27 اکتوبر (عصرحاضر) ٹی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے الزام میں سائبرآباد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج برآمد کیا جو 80منٹ کا ہے۔اس میں باڈی کیم کے ویژولس بھی شامل ہیں۔معین آباد کے عزیز نگر میں فارم ہوز سے بھی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلئے گئے ہیں جہاں سے ان تین افراد کو ٹی آرایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے الزام میں بھاری رقم کے ساتھ گرفتار کیاگیا تھا۔ذرائع کے مطابق تاحال پولیس کی جانچ میں پتہ چلا کہ اس معاملہ کا اصل ملزم ننداکمارعرف نندو ہے جس نے ٹی آرایس کے ارکان اسمبلی سے نامعلوم مقام سے رابطہ کیاتھااوروہ اپنا فون استعمال نہیں کررہا تھا۔انہوں نے ٹی آرایس کے چارارکان اسمبلی کو مرکز کے ایک بڑے لیڈرکے ساتھ بات کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔
ٹی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے الزام میں کل شب گرفتار تین افراد کے خلاف معین آباد پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ معین آباد پولیس نے حکمران جماعت کے ایم ایل اے روہت ریڈی کی شکایت پر فرید آباد کے رام چندر بھارتی، تروپتی کے وینکٹ ناتھ سمہایا جی اور حیدرآباد کے تاجر نند کمار کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ایم ایل اے روہت ریڈی نے ان تینوں کے خلاف پولیس میں درج کروائی گئی شکایت میں کہا کہ بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے 100 کروڑ روپے کا معاہدہ ہوا ہے اور اگر وہ دیگر ایم ایل ایز کو بھی لے آئیں تو 50 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ پولیس سے شکایت کی گئی کہ تینوں نے ان پر بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے دباؤ ڈالا اور وہ ایک معاہدے کے تحت اس کے فارم ہاؤس پر آئے۔
تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے ارکان اسمبلی کو رقم کے عوض خریدنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار تین افراد میں سے سوامی کون ہے؟اس بات کے چرچے کل رات سے سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر کئے جارہے تھے۔یہ سوامی، سمہایاجی ہے،اس کا تعلق اے پی کے ضلع انامیاکے چنامنڈم منڈل، رام ناتھ پورم گاو ں سے ہے۔اس کا اصل نام اشوک ہے۔ گاؤں میں 20 سال پہلے اس نے ایک چھوٹا پرائیویٹ اسکول قائم کیا تھاتاہم اسکول کے مناسب طورپر نہ چل پانے پر اس نے ایک پرائیویٹ اسکول کے استاد کے طور پر کام کیا۔10 سال کے بعد اس نے سوامی کا اوتار لے لیا اور اس نے اپنے آبائی گاوں رام ناتھ پورم میں ہی سری منتر راجا پیٹھ قائم کیا۔ اس نے خود کو اس کا سربراہ قرار دیا۔ علاقہ میں کوئی بھی اسے سوامی نہیں مانتا تھا، اس لیے وہ تروپتی چلا گیاجہاں اس نے15 سال تک اس نے وہاں ایک پیٹھ میں روحانی پروگراموں میں حصہ لیا۔مقامی افراد نے بتایا کہ وہ ہر چار سال بعد اپنے آبائی مقام رام ناتھ پورم آتا ہے۔ سمہایا جی ان تینوں میں شامل تھا جو حیدرآباد میں گزشتہ شب، برسراقتدار جماعت ٹی آرایس کے ایم ایل ایز کو خریدنے کی کوشش کے تنازعہ میں پھنس گئے ہیں، یہ مسئلہ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔
تلنگانہ میں بھاری رقم کے عوض ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے چارارکان اسمبلی کو درمیانی افراد کے ذریعہ خریدنے کی کوشش کا بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے تین ریاستی وزرا سرینواس گوڑ، گنگولہ کملاکر، اندراکرن ریڈی، رکن قانون ساز کونسل سبھاش ریڈی اورٹی آرایس کے دیگر لیڈروں نے کل شب حیدرآباد۔وجئے واڑہ شاہراہ کے چوٹ اُپل علاقہ میں راستہ روکو احتجاج کیا۔اس احتجاج میں ٹی آرایس کے کیڈر نے بھی حصہ لیتے ہوئے بی جے پی پر، انحراف کی حوصلہ افزائی کا الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی، ان افراد کے ذریعہ برسراقتدارجماعت کے ارکان اسمبلی کو اپنی پارٹی میں شامل کرناچاہتی تھی تاکہ چندرشیکھرراو کی حکومت کو گرایا جاسکے۔بی جے پی کو منوگوڑو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں شکست کا خوف ہے۔ریاستی وزرا نے بی جے پی کے غیرجمہوری اقدامات کی مذمت کی۔حیدرآباد میں ٹی آرایس کے لیڈروں نے پارٹی ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون کے قریب کل شب وزیراعظم مودی کاپتلا نذرآتش کیا۔
ٹی آرایس ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے معاملہ نے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سنسنی پیدا کر دی ہے۔ تلنگانہ پولیس نے اس معا ملہ کی جانچ میں تیزی پیدا کردی ہے اور اس سلسلہ میں 15کروڑروپئے کی رقم کے ساتھ معین آباد کے قریب ایک فارم ہوز میں گذشتہ شب گرفتار تین افراد سے خفیہ مقام پر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔پولیس، اس سودے بازی کے سلسلہ میں پس پردہ افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ساتھ ہی ملزمین کے پاس سے ضبط سل فونس کے ڈاٹا کا تجزیہ بھی کیاجارہا ہے تاکہ یہ پتہ چلا یاجاسکے کہ اس واقعہ میں کس کا ہاتھ ہے۔پولیس، یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ ملزمین کے پاس اتنی بھاری رقم کہاں سے آئی ہے؟
بی جے پی کی جانب سے ٹی آرایس کے ارکان اسمبلی کی خریدی کا الزام لگاتے ہوئے حکمران جماعت کے لیڈروں اورکارکنوں کی جانب سے احتجاج کیاگیا۔ پارٹی لیڈروں اور کارکنوں نے ریاست بھر میں بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کے پتلے نذرآتش کئے۔ایم ایل اے ونئے بھاسکر اور بلکاسمن نے منوگوڑو حلقہ کے چندور میں دھرنا دیا اور بی جے پی کا پتلا جلایا۔پارٹی لیڈروں نے وقار آباد ضلع کے پیڈیمول منڈل مستقر میں ٹی آر ایس کے ایم ایل ایز کو پھنسانے کی سازش کے واقعہ کے خلاف نریندر مودی کا پتلا جلایا۔ ضلع محبوب آباد میں بھی ٹی آر ایس کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ ضلع مستقرمیں میونسپل چیرمین رام موہن ریڈی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور وزیر اعظم مودی کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کے پتلے جلائے گئے۔ ٹی آر ایس لیڈروں نے کھمم کے ایلکنور میں مرکزی حکومت کا پتلا نذر آتش کیا۔ارکان اسمبلی کونیرو کونپا اور اترم سکو نے آصف آبا د میں نریندر مودی کا پتلا نذرآتش کیا۔عادل آباد ضلع مرکز،نرمل ضلع،راجنا سرسلہ،جوگولمبا گدوال ضلع،ونپرتھی ضلع،سنگاریڈی،کریم نگر ضلع اورریاست کے دیگرکئی مقامات پر بھی احتجاج کیاگیا۔
تلنگانہ کے وزیر سرینواس گوڑنے کہا ہے کہ منوگوڑو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں شکست کے خوف سے حکمراں پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو خریدنے کی سازش کی جارہی تھی۔انہوں نے الزام لگایا کہ ان ارکان اسمبلی کوخریدتے ہوئے ٹی آرایس کی حکومت کو گرانے کی سازش کی جارہی تھی اور اس کے ایک حصے کے طور پر وہ ہر ایم ایل اے کو 100 کروڑ روپے میں خریدنا چاہتے تھے۔ وزیر سرینواس گوڑ نے منوگوڑو کے ضمنی انتخاب کی مہم کے حصہ کے طور پر چوٹ اُپل میونسپلٹی کے لنگوجی گوڑم میں گھر گھرجاکر رائے دہندوں سے ملاقات کی اور ٹی آرایس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے ٹی آر ایس ایم ایل اے کو خریدنے کی سازش کرنے والے بی جے پی لیڈروں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سیاہ شرٹ پہن کر انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ 100 کروڑ دے کر ٹی آرایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی سازش سامنے آنے کے بعد بی جے پی کی مذموم سیاست کھل کر سامنے آگئی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ کوئی بھی ان کے ایم ایل ایز کو نہیں خرید سکتا جس طرح بی جے پی نے کانگریس سے ایم ایل اے راج گوپال ریڈی کو خریدا ہے۔انہوں نے کہا کہ اڈانی اور امبانی سے ملنے والی رقم سے ایم ایل ایز کو خریدنے کی سازش کی گئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ٹی آرایس حکومت کئی لاکھ افرادکو پنشن دے رہی ہے جس کی نظیر کہیں اور نہیں ملتی۔
پرجاشانتی پارٹی کے سربراہ کے اے پال نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی، تلنگانہ میں مہاراشٹرجیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی، ٹی آرایس کے ہر رکن اسمبلی کو 100کروڑروپئے دے کر خریدنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ پولیس نے 15کروڑروپئے کی رقم ضبط کی ہے۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی، منوگوڑواسمبلی حلقہ میں رائے دہندوں کو بھی ہزاروں کروڑروپئے خرچ کرتے ہوئے خریدنے کی کوشش کررہی ہے۔