حیدرآباد: 29؍مارچ (عصر حاضر) مفتی عبدالمغنی مظاہری صدر سٹی جمعیۃ علماء نے تاجرین سے اپیل کی کہ وہ اپنے ما تحت ملازمین کا بھر پور خیال رکھیں جس طرح ہر ماہ انہیں تنخواہ دی جاتی ہے یا وہ ملازمین جن کو یومیہ محنتانہ دیا جاتا ہے‘ انہیں اجرت دینے کا سلسلہ بدستور جاری رکھے‘ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے ہر آدمی اس وقت پریشانی سے دو چار ہے ایسے حالات میں تاجرین کو چاہیے کہ وہ اپنے ما تحت ملازمین کو تنخواہ کا سلسلہ جاری رکھیں‘ حالات کی ناسازگاری کی وجہ سے اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں آسمان کو چهو رہی ہے‘ ایسے میں ممکن ہو تو انہیں ان کی مقررہ اجرت سے کچھ زیادہ بھی بن سکے تو ضرور انہیں فراہم کریں‘ یہ مت سوچیں کہ ہمارا کاروبار اس وقت بند ہیں ہم کام نہیں لے رہے ہیں۔
جو لوگ خوش حالی میں خرچ کرتے ہیں اور تنگی میں خرچ کرتے ہیں الله تعالی کو وہ بہت پسندیدہ ہیں‘ قرآن پاک میں الله تعالی ان لوگوں کی بھی تعریف فرمائی ہے جو اپنی ضرورتوں کے باوجود دوسروں کی ہمدردی کرتے ہیں اور ان کی ضرورتیں پوری کرنے میں لگ جاتے ہیں۔ اگر اس کام کے لیے قرض لینے کی ضرورت بھی پڑجائے تو آپ اس میں تأمل نہ کریں۔ اس نیک کام پر الله تعالی آپ کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ اسی طرح جو مالدار صاحبِ نصاب حضرات عموماً ماہِ رمضان المبارک میں زکوۃ نکالنے کے عادی ہوتے ہیں ایسے لوگ زکوۃ کو ماہِ رمضان میں نکالنے کے بجائے حالات کے پیشِ نظر پیشگی زکوۃ بھی نکال سکتے ہیں۔