مجلس علمیہ، دینی مدارس بورڈ اور رابطہ مدارس اسلامیہ کے زیر اہتمام نظماء و ذمہ دارانِ مدارس کا اہم اجلاس
حیدرآباد: 13؍جنوری (پریس ریلیز) دینی مدراس کا اصل اور اساسی مقصد اسلامی علوم کا تحفظ اور قرآن وحدیث اور ان کے متعلقہ علوم سے براہِ راست استفادہ کے حامل ماہر علماء تیار کرنا نیز مسلمانوں کی دینی ضروریات اور مساجد ومدارس کیلئے افرادِ کار مہیاکرنا ہے اور بحمد اللہ دینی مدارس اس میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں۔ مدارس کی افادیت کے پورے اعتراف کے ساتھ اس بات کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ مروجہ نصاب اور تربیتی نظام کو برقرار رکھتے ہوئے بلکہ ماحول کی مسموم فضاؤں کے پیشِ نظر تربیتی نظام کو مزید بہتر بناتےہوئے ضروری عصری مضامین مدارس میں داخلِ نصاب کئے جائیں تاکہ ہمارے فضلاء تعلیم اور تبلیغ کے فریضہ کو زمانہ کے حالات کے اعتبار سے بہتر طور پر انجام دے سکیں ۔ انہی فکروں کے ساتھ چند ماہ قبل حیدرآباد کے اکابرِ علماء کی زیرسرپرستی نوجوان علماء کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ وہ ایک عملی خاکہ تیار کریں چنانچہ نصاب اور نظام کا ایک عملی خاکہ تیار کیا گیا نیز ذمہ داران مدارس کی خواہش پر ملت ریسرچ فاؤنڈیشن ( M.F.E.R.D ) نے اپنی ریسرچ ٹیم کے ذریعہ جناب عبد اللطیف خان صاحب( چیرمین ایم ۔ایس اسکول) کی زیرِ نگرانی دینی مدارس کیلئے عصری مضامین کا ایک بہترین نصاب تیار کیا جس کے پہلے مرحلہ کی تین کتابیں بحمد اللہ شائع ہوچکی ہیں ,ان کتابوں /مضامین کی دینی مدارس میں شمولیت اور طریقہ کار کے سلسلہ میں ایک اہم اجلاس مؤرخہ مؤرخہ ۱۱؍جمادی الثانی ۱۴۴۳ھ م 15/01/2022 بروزہفتہ بمقام مدرسہ سبیل الفلاح بنڈلہ گوڑہ زیر سرپرستی حضرت مولانا سید اکبر صاحب مفتاحی دامت برکاتہم ناظم مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش اور زیر صدارت حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم طئے کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا خالد سیف الله رحمانی صاحب جنرل سکریٹری دینی مدارس بورڈ تلنگانہ و آندھرا، حرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ تلنگانہ اور حضرت مولانا احمد عبید الرحمن اطہر ندوی صاحب ناظم مدرسہ امداد العلوم ٹین پوش لال ٹیکری کے خصوصی خطابات ہوں گے۔ علاوہ ازیں مدارس کے لیے مجوزہ خاکہ کا تعارف مفتی احسان احمد صدیقی ایم ایف ای آر ڈی کی کتابوں کا تعارف مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی پیش فرمائیں گے۔ جبکہ جناب محمد عبداللطیف خان صاحب چیر مین ایم ایس اسکول ملت فاؤنڈیشن کی کتابوں کا اجراء کریں گے۔ اس موقع نگران اجلاس مولانا محمد عبدالرحیم بانعیم مظاہری مہمانوں کا شکریہ ادا کریں گے۔
آپ تمام نظماء وذمہ دارانِ مدارس سے گذارش ہیکہ اس میں شرکت فرماکر ممنون فرمائیں۔