صالحین کی صحبت انسانی زندگیوں میں صالح انقلاب کامؤثر ذریعہ
حیدرآباد: 7؍اکتوبر (پریس ریلیز) اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو اشرف المخلوقات بناکر پیدا فرمایا ہے ، زمین میں انہیں اپنا خلیفہ و نائب بنایا ہے، انہیں دیگر مخلوقات کے مقابلہ میں غیر معمولی صلاحیت عطا کی ہے ،وہ اپنی فطری صلاحیت اور ذہنی قابلیت کی بنیاد پر بڑے بڑے کام انجام دیتے رہتے ہیں،مگر ان کی سب سے بڑی کامیابی رب کی پہچان اور اس کی معرفت ہے ،جس نے رب کو پالیا اس نے سب کچھ پالیا اور جو رب سے غافل رہا وہ سب سے بڑے خسارے میں رہا ،انسان ایک دوسرے کی صحبت سے بہت کچھ سیکھتا ہے ،اچھوں اور سچوں کی صحبت اُسے اچھا بنادیتی ہے اور بُرے اور جھوٹے کی صحبت اسے بُرا بنادیتی ہے ،یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو اللہ سے ڈر نے اور سچوں کی صحبت اختیار کرنے کی تعلیم دی ہے، یقینا نیک ،صالح اور متقی وپرہیزگار وں کی صحبت آدمی کے لئے عظیم نعمت اور دنیا کی دولت سے کہیں زیادہ قیمتی ہے ،واعظ شیریں بیاں حضرت مولانا امیر اللہ خان قاسمی ناظم مدرسہ سراج العلوم محبوب نگر خانقاہ مظفریہ حیدرآباد کے زیر اہتمام ماہانہ مجلس ذکر وسلوک کے خصوصی اجلاس ’’محفل نعت وجلسہ تہنیت ‘‘ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار فرمارہے تھے ، دکن کے معروف صاحب نسبت بزرگ عالم دین حضرت مولانا شاہ محمد اظہار الحق قریشی چشتی صابری مظفر قاسمی خلف اکبر وجانشین حضرت قطب دکنؒ کی پچاس سالہ دینی وعلمی خدمات کے اعتراف میں ان کے شاگردوں ومریدوں کی جانب سے ہدیہ تہنیت پیش کرنے کے لئے یہ اجلاس منعقد کیا گیا تھا،مولانا حافظ قاری محمد اعجاز الحق قریشی قاسمی استاذ تفسیر جامعہ قاسم العلوم اودگیر کی قرآت قرآن سے اجلاس کا آغاز ہوا، حافظ تاج الدین سعید،مولانا پیر عبدالوہاب عمیر قاسمی ،حافظ عبدالباری،مولانا عبدالواسع قریشی حسامی اور قاری سید بشیر احمد نے بارگاہ نبوی ؐ میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی،نوجوان فاضل مفتی عبدالرحمن الماس حسامی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے،مفتی عبدالمنعم فاروقی قاسمی نبیرہ حضرت قطب دکنؒ خطیب جامع مسجد اشرفی نے خانقاہ مظفریہ کا تعارف اور اس کی کارکردگی پیش کی ،اس موقع پر حضرت مظفر قاسمی کی پچاس سالہ دینی وعلمی خدمات پر مفتی عبدالمنعم فاروقی کی تحریر کردہ کتاب ’’حیات مظفر‘‘ کا مہمانان کرام کے ہاتھوں رسم اجراء عمل میں آیا، مولانا عبدالحمید شاکر حسامی نے کتاب کا تعارف پیش کیا ، حضرت مولانا امیر اللہ خان قاسمی ناظم سراج العلوم محبوب نگر ،حضرت مولانا مطیع الرحمن قاسمی صدر مدرس سراج العلوم محبوب نگر ،حضرت مولانا مفتی ابرارالحق قاسمی مہتمم جامعہ قاسم العلوم اودگیر اور مولانا سید مصباح الدین حسامی نائب ناظم عائشہ صدیقہ للبنات مصری گنج و دیگر علماء کرام مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے، عوام الناس کے علاوہ حضرت مظفر قاسمی کے شاگرد ومرید ین کافی تعداد میں شریک ہوئے تھے ،علماء کرام کے تاثرات کے بعد ذکر جہری کی عملی مشق کرائی گئی اور صدر اجلاس حضرت مظفر قاسمی کی دعا پر اس کا اختتام عمل میں آیا ،صدر استقبالیہ محمد سرور عزیز اور مولانا عبدالرافع حسامی،عبدالرزاق چشتی، حافظ فیروز ،حافظ رضوان احمد، شیخ حاجی، محمد شرف الدین حاجی،محمد حنیف ، محمد الطاف اور دیگر اراکین نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے انتظامات میں حصہ لیا۔