تلنگانہ کے تمام اسکولوں میں یکم ستمبر سے آن لائن کلاسس کا آغاز
حیدرآباد: 24؍اگست (عصر حاضر) آخر کار حکومت نے یکم ستمبر سے ریاست تلنگانہ کے تمام اسکولوں میں آن لائن کلاسوں کو باضابطہ طور پر منظم کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ اس سلسلے میں پیر کے روز خصوصی چیف سکریٹری برائے تعلیم چترا رام چندرن نے ایک حکمنامہ جاری کیا۔ احکامات کے مطابق آن لائن کلاسز مختلف طریقوں جیسے ڈیجیٹل / ٹی وی / ٹی ایسٹ نیٹ ورک چینل پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دیئے جائیں گے۔ ای لرننگ اور ڈسٹنس ایجوکیشن کے ایک حصے کے طور پر حکومت نے تمام اسکولوں میں آن لائن کلاسوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ ، حکومت ہند کی ہدایات کے مطابق تمام اساتذہ 27 اگست سے باقاعدہ اسکولوں میں حاضر ہوں اور اسکولوں کے دوبارہ افتتاحی اور باقاعدہ کلاسوں کے آغاز کے سلسلے میں لازمی طور پر ای مشمولات کے سبق کے منصوبے تیار کریں۔ حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ، حکومت کی طرف سے مزید ہدایات تک طلباء کے لئے تمام اسکول جسمانی طور پر بند رہنے چاہئیں۔