حیدرآباد: 24/مارچ (راست) مولانا حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ امیرامارت ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش نے اپنے بیان میں کہا کہ کرونا وائرس نے ساری دنیا بالخصوص امت مسلمہ کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔موجودہ صورتحال کے مطابق دنیا کی ایک بہت بڑی آبادی اس وقت اپنے گھروں میں محصور کردی گئی ہے یا لوگوں نے ازخود اپنے آپ کو گھروں میں قید کرلیاہے۔مولانا جعفر پاشاہ نے ایسے حالات میں ایک سماجی ضرورت اور انسانی ہمدردی کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ ایسے مالکین مکانات جن کے مکانات میں غریب اور متوسط طبقہ کے لوگ رہتے ہیں،کو چاہئے کہ وہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی خوشنودی کی خاطر ایک ماہ کا کرایہ یا کم ازکم نصف کرایہ معاف کردیں۔اپنے گھروں میں چاول،دال یادیگر غذائی اشیا ہوں تو مناسب مقدار میں اپنے غریب پڑوسیوں،کرایہ داروں اوربالخصوص رشتہ داروں کو دیں اور موجودہ حالات میں انسانی ہمدردی کے وہ تمام راستے اختیار کئے جائیں جو ہم اپنے پڑوسیوں اور رشتہ داروں کے لئے کرسکتے ہیں۔ہم اپنے غریب رشتہ داروں کی صرف زبانی خیر خیریت نہ لیں بلکہ کھانے پینے کی اشیا اور نقد رقم سے لازمی طورپر ان کی مدد کریں۔غریبوں اور ضرورت مندرشتہ داروں کی دعائیں ہمارے حق میں اجر عظیم کا باعث ہوں گی۔مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ سب دروازے بند ہوچکے ہیں لیکن توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔موذی مرض سے بچنے کے لئے جہاں ہمیں احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی سخت ضرورت ہے وہیں اللہ کی طرف زیادہ سے زیادہ رجوع ہونے اور توبہ و استغفار کی ضرورت ہے۔نماز ہر حال میں فرض ہے۔کئی لوگ کاروباری یا دفتری اور دیگر مصروفیات کی وجہ سے بہانے تراشتے ہوئے نماز کی ادائیگی بروقت نہیں کرتے یا پھر ادا ہی نہیں کرتے جو سخت وعید کا باعث ہے لیکن اب جبکہ سارے مسلمان بھی اس وقت فرصت کے اوقات گذاررہے ہیں۔دن بھرواٹس اپ پر مصروف رہنے یا بے کار باتوں اور سوشیل میڈیا میں مصروف رہنے کے بجائے نمازیں اداکرین اور خوب رو رو کر گڑگڑاکر اللہ تعالی سے معافی مانگیں کہ اللہ سارے عالم کو اس خوفناک مرض و بیماری سے محفوظ ومامون رکھے۔انشااللہ تعالی سب پر فصل ہوکر رہے گا۔ہمیشہ نمازوں سے غفلت ہماری زندگیوں میں بہت بڑاخسارہ ہے جو موجودہ حالات میں ہی نہیں بلکہ تمام دنوں میں بھی نماز پنجگانہ لازم کرلیں۔