مولانا محمود مدنی کو جمعیۃ علماء ہند کا عارضی صدر نامزد کرنے پر حافظ پیر شبیر احمد کی مبارکباد
حیدرآباد: 28؍مئی (پریس ریلیز) جمعیتہ علماء تلنگانہ وآندھراپردیش کے صدر الحاج حافظ پیر شبیر احمد نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہاکہ جمعیتہ علما ء ہند کی قومی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس کل بتاریخ ۲۷؍ مئی اس کے صدر دفتر مدنی ہال نئی دہلی میں حضرت مولانا رحمت اللہ صاحب کشمیری رکن شوری دارالعلوم دیوبند کی زیر صدارت منعقد ہوا، اس اجلاس میں ملک بھر سے مجلس عاملہ نے آن لائن اور شخصی طور پر شرکت کی۔ تلنگانہ و آندھرا کی جمعیۃ کے صدر حافظ پیر شبیر احمد نے بھی آن لائن شرکت درج کی۔ اس اجلاس میں سابقہ کارروائی کی خواندگی اورامیر الہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نوراللہ مرقدہ کے وصال پر تعزیت اور ایصال ثواب کے بعد جمعیتہ علماء ہند کی صدارت کی خالی جگہ کو پر کرنے پر غور و خوض ہوا۔ مسئلہ فلسطین اور مسجداقصی کی موجودہ صورت پر ایک اہم تجاویز منظور کی گئیں۔ بہ طورِ خاص قائد جمعیۃ جانشینِ فدائے ملت حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی کو جمعیۃ علماء ہند کے عارضی صدر منتخب ہونے اور جنرل سکریٹری کے عہدہ کے لیے مولانا حکیم الدین قاسمی کا عارضی انتخاب مجلس عاملہ نے منظور کیا۔ جس پر حافظ پیر شبیر احمد صدر ریاستی جمعیۃ علماء نے کہا کہ دل کی عمیق گہرا ئیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں, اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی آپ سے ملک کے جو موجودہ مسائل ہیں آپ کی قیادت میں حل فرمائیں اورآپ سے دین کا خوب کام لئے ہر شر سے آپ کی حفاظت فرمائیں۔آمین یا رب العالمین۔