نتائج کے اعلان سے 48؍گھنٹوں تک جشن کی تقریبات پر پابندی رہے گی: کمشنر پولیس
حیدرآباد: 3؍دسمبر (عصر حاضر) شہر حیدرآباد اور سکندرآباد میں عوامی امن و سکون کو برقرار رکھنے کے پیش نظر ، حیدرآباد سٹی پولیس نے جمعرات کے روز جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیاب ہونے پر منعقد کیے جانے جشن کی تقریبات پر پابندی عائد کردی ہے۔ جس میں پٹاخے جلانے اور سڑکوں اور عوامی مقامات پر آتش بازی کرنے پر پابندی عائد کردی گئی یہ پابندی 4 دسمبر سے 5 دسمبر تک (48) گھنٹے کے لیے رہے گی۔
سٹی پولیس نے یہ حکم 04 دسمبر کو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے انتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی کے سلسلے میں جاری کیا۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ، انجنی کمار نے کہا ، "4 دسمبر کو جاری ہونے والے نتائج کے اعلان سے لے کر 48؍گھنٹے تک یعنی 6 دسمبر تک ، جڑواں شہروں میں کسی جلوس ، فتح کے جشن یا ریلیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیاسی جماعتیں جو فتح کا جشن منانا چاہتی ہیں انہیں 48 گھنٹوں کے بعد اس کا انعقاد کرنا چاہئے۔ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
کمشنر پولیس انجنی کمار نے مزید بتایا کہ گنتی کے انتظامات انتہائی سکیورٹی کے درمیان کیے جارہے ہیں اور مضبوط کمروں میں بیلٹ بکس کے لئے تری ٹئیر سیکوریٹی کے ساتھ انتظامات کیے گئے ہیں۔ پہلے درجے میں ، گشت کرنے والی ٹیمیں پہرہ دیں گی۔ دوسرے درجے میں ، بیریکیڈز کا انتظام کیا گیا ہے اور حیدرآباد لاء اینڈ آرڈر اور سول پولیس گارڈ اور تین درجے میں ٹی ایس ایس پی فورس مضبوط کمروں کی حفاظت کرے گی۔
جمعرات کے روز ، پولیس محکمہ کے تمام اعلی پولیس افسران نے گنتی کے مراکز کا دورہ کیا اور گنتی کے عمل کو آسان بنانے کی راہیں ہموار کی گئیں۔