حیدرآباد میں پچھلے پانچ مہینوں سے ہلچل مچانے والا تیندوا بالآخر پکڑ لیا گیا
حیدرآباد: 11؍اکتوبر (عصر حاضر) شہر حیدرآباد میں لاک ڈاؤن کے دوران اچانک سڑکوں پر نظر آنے والا تیندوا محکمہ جنگلات کے ساتھ گزشتہ 5ماہ سے آنکھو مچولی کا کھیل کھیل رہا تھا۔ اس کی ہلچل سے عوام میں ایک طرح کا خوف پایا جارہا تھا۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے تیندوے کو کل شب راجندر نگر پولیس کی معاونت سے پکڑنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے اس کو پکڑنے کے لیے ایک پنجرہ نصب کیا تھا جس میں گزشتہ شب یہ تیندوا پھنس گیا۔ گذشتہ روز دو گائے کے بچھڑوں کو ہلاک کیا تھا۔یہ تیندوا واٹر لینڈ مینجمنٹ ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ(والمتری)کے قریب آیا جہاں وہ ایک ماہ قبل نظر آیا تھا۔ہفتہ کو محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی ٹیم نے والمتری اور اس کے اطراف کے علاقوں کے قریب پنجرے رکھے تھے۔اس میں سے ایک پنجرہ میں وہ پھنس گیا۔محکمہ جنگلات کے عہدیدار وہاں پہنچے اور اس کو نہرو زوالوجیکل پارک منتقل کرنے کی کوششیں شروع کردیں جہاں اس کو جنگل میں چھوڑنے کا فیصلہ لئے جانے سے پہلے چند دن رکھاجائے گا۔یہ تیندوا سب سے پہلے جاریہ سال 14مئی کو راجندرنگر میں نظرآیا تھا جس کے بعد سے اس علاقہ کے عوام میں بے چینی اورسنسنی دیکھی جارہی تھی۔اس کے بعد سے ہی وہ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے آنکھ مچھولی کا کھیل کھیلتا رہا،وہ کبھی راجندرنگر گرے ہاونڈس ٹریننگ سنٹر، معین آباد تو کبھی اطراف کے علاقوں میں نظرآتارہا۔گذشتہ 5ماہ کے دوران یہ تیندوا کئی مرتبہ اطراف کے علاقوں میں دیکھا گیا تاہم بالاخر عہدیداروں کی کوششیں ثمر آور ثابت ہوئیں اور اس جنگلی جانور کو پکڑ لیاگیا۔اس کی فوٹیج کئی مرتبہ سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی تھیں۔
ماشاءالله