حیدرآباد و اطراف
تعلیم کے میدان میں جناب محمد جعفر صاحب مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی‘ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا تعزیتی بیان
حیدرآباد: 19؍جون (راست) مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ناظم المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد نے چئیرمین ام القریٰ ایجوکیشن سوسائٹی ونظام گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس جناب محمد جعفر صاحب کی وفات پر گہرے رنج اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک شریف، ملنسار، بااخلاق، انسانیت دوست اور پابند شریعت مسلمان تھے، انھوں نے تجارت کے میدان میں ترقی کے ساتھ ساتھ تعلیم کے میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں، جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، عصری تعلیم کے لئے فعال ادارے قائم کئے، جن سے ہزاروںمسلم نوجوانوں نے فائدہ اُٹھایا اور اپنے مستقبل کو سنوارا، وہ سلطان العلوم کالج کے بھی ذمہ داروں میں تھے، تمام ملی حلقوں سے تعلق رکھتے تھے اور برادران وطن کی اہم شخصیتوں سے بھی ان کے بہتر روابط تھے، اللہ تعالیٰ نے ان کو گہرے دینی جذبات سے نوازا تھا، انھوں نے اپنے مکان کے ایک حصہ کو دینی اجتماع کے لئے مخصوص کر دیا تھا، وہ اپنے اداروں میں بھی طلبہ وطالبات کی بنیادی دینی تعلیم وتربیت کے لئے کوشاں رہتے تھے، اور مختلف دینی کاموں کی اعانت میں پیش پیش رہتے تھے، شہر میں آنے والے اکثر اکابر علماء کی نہایت محبت اور سعادت مندی کے ساتھ میزبانی کرتے تھے، المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے قیام میں ان کی حوصلہ افزائی کا بڑا دخل ہے، معہد کے قیام کے سلسلہ میں پہلی میٹنگ ان ہی کے دفتر پر منعقد ہوئی ، وہ اس ادارہ کے حین ِحیات سکریٹری تھے، اور اس کو اپنے لئے آخرت کا سودا اور سعادت کا تمغہ قرار دیتے تھے، ادارہ کی اکثر مشاوتی نشستیں ان ہی کے دفتر یا مکان پر ہوتی تھیں، معہد کے تمام پروگراموں کو کامیاب بنانے میں ان کی بڑی دلچسپی ہوتی تھی، مولانا رحمانی نے کہا کہ ان کی وفات میرے لئے ایک ذاتی اور خاندانی نقصان کی طرح ہے، اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغفرت فرمائے ، ان کے درجات بلند کرے اور ان کے چھوڑے ہوئے اداروں کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھے۔