حیدرآباد: 26/مارچ (عصر حاضر) مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد نے عوام الناس سے اس بات کی پرزور اپیل کی ہے کہ وہ موقع کی نزاکت اور کورونا وائرس کی مہلک وباء سے حفاظتی تدابیر کو ملحوظ رکھتے ہوئے مساجد میں جمعہ کی ادائیگی پر اصرار نہ کریں! مسجدوں میں آکر جمعہ ادا کرنے کے بجائے اپنے اپنے گھروں میں بہ شرط جماعت جمعہ یا انفرادی طور پر نماز ظہر ادا کرلیں!
ابھی حال ہی میں اس مسئلے کو لے کر جامعہ نظامیہ میں کل جماعتی و کل مسلکی اجلاس منعقد ہوا؛ جس میں اتفاق رائے کے ساتھ یہ فیصلہ کیا گیا کہ امام، خطیب،موذن اور خدام پر مشتمل پانچ نفری جمعہ قائم کرلے اور باقی تمام مسلمان گھروں میں جمعہ کے بدلہ ظہر کی نماز ادا کرنے کا اہتمام کریں۔
انہوں نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ یہ وقت جذباتی ہونے اور ہوش کھونے کا نہیں ہے ؛ بل کہ عقل مندی اور دور اندیشی کے ساتھ فیصلہ کرنے کا ہے۔ اس لیے عوام سے دردمندانہ درخواست ہے کہ وہ حضرات علماء و مفتیان کے اس متفقہ موقف پر مضبوطی کے ساتھ عمل پیرا ہوں اور اپنی صحت کے ساتھ ساتھ دوسروں کی صحت کا خیال رکھیں۔