مسجد حسینی میں ائمہ‘ خطباء و ذمہ دارانِ مساجد کا خصوصی اجلاس
حیدرآباد: 29؍جنوری (عصر حاضر) مفتی احسان احمد صدیقی ڈائرکٹر ہیلپ لائن حیدرآباد اور مفتی عبدالمہیمن اظہر القاسمی مشیر خصوصی منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کی اطلاع کے مطابق مسجد حسینی وجئے نگر کالونی ، ملے پلی ، حیدرآباد میں بتاریخ 30؍جنوری بروز جمعرات متصل نماز عشاء ٹھیک ساڑھے آٹھ بجے زیر صدارت حضرت مولانا غیاث احمد رشادی بانی و محرک منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا زیر نگرانی حضرت مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی صاحب خطیب و امام مسجد حسینی و استاذ دارالعلوم حیدرآباد شہر کے ائمہ و خطباء اور ذمہ دارانِ انتظامی کمیٹی مساجد کا ایک خصوصی اجلاس مسلمانوں کو درپیش مسائل کا حل ،ملکی سطح پر قانونی اور سیاسی مسائل کا حل اور موجودہ حالات میں ائمہ و خطباء و ذمہ دارانِ مساجد کی ذمہ داریاں کے عنوان پر منعقد ہے۔ اِس اجلاس میں قابل و تجربہ کار ماہر حضرات کے لیکچرس اور پریزنٹیشن ہوں گے۔ یہ اجلاس منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا ، ہیلپ لائن حیدرآباد اور سلامہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقد ہورہا ہے۔ جس برق رفتاری کے ساتھ ملک کے حالات بدلتے جارہے ہیں اسی رفتار کے ساتھ مسلمانوں کی قیادت کے علمبردار ائمہ و خطباء کی ذمہ داری بڑھتی جارہی ہے۔ان حالات میں مساجد کے ائمہ ، خطباء و ذمہ داران کی کیا ذمہ داری ہے اس پر یہ خصوصی اجلاس منعقد ہے۔ ملک و ملت کے مفاد میں ہم سب کی اہم ترین ذمہ داریاں کیا ہیں اس پر غور و فکر کیلئے یہ اجلاس منعقد ہے۔ تمام ائمہ و خطباء و ذمہ داران سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اجلاس میں بہ پابندی وقت شریک ہوں۔ نمازِ عشاء ٹھیک آٹھ بجے ہوگی۔