بنگال اسمبلی میں سرکار کے خلاف نعرے بازی کے بعد لیڈران میں ہاتھاپائی، بی جے پی کے پانچ ارکانِ معطل
کولکاتہ: مغربی بنگال اسمبلی میں پیر کو جم کر ہنگامہ ہوا ۔ بجٹ سیشن کے آخری دن بی جے پی ممبران اسمبلی نے بیربھوم تشدد پر بحث کے مطالبہ کو لے کر ممتا بنرجی سرکار کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اس کے بعد ترنمول اور بی جے پی ممبران اسمبلی میں ہاتھا پائی کی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ جانکاری کے مطابق ایوان میں کارروائی کے دوران بی جے پی ممبر اسمبلی منوج ٹگا اور ترنمول ممبر اسمبلی است مجمدار کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی ، جس میں است مجمدار زخمی بتائے جارہے ہیں، ان کو اسپتال لے جایا گیا ۔
ہنگامہ مچانے کے الزام میں اپوزیشن لیڈر سوبھیندو ادھیکاری سمیت پانچ بی جے پی ممبران اسمبلی کو اسمبلی کی کارروائی سے معطل کردیا گیا ہے ۔ معطل ہونے والے بی جے پی ممبران اسمبلی میں سوبھیندو ادھیکاری کے علاوہ منوج ٹگا ، دیپک برمن ، نرہری مہتو اور شنکر گھوش شامل ہیں ۔ حکمراں پارٹی کے چیف وہپ نرمل گھوش نے اسمبلی میں بی جے پی ممبران اسمبلی کے خلاف تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے وقار کو مجروح کیا گیا ہے ۔ سوبھیندو ادھیکاری کے اکساوے میں اسمبلی میں ہنگامہ کیا جارہا ہے ۔
بی جے پی آئی ٹی سیل کے چیف امت مالویہ نے ایک ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مغربی اسمبلی میں بھگڈر، بنگال کے گورنر کے بعد ٹی ایم سی ممبران اسمبلی نے اب چیف وہپ منوج ٹگا سمیت بی جے پی ممبران اسمبلی پر حملہ کیا ، کیونکہ وہ ایوان میں رامپور ہاٹ قتل عام پر گفتگو کا مطالبہ کررہے تھے ۔ ممتا بنرجی کیا چھپانا چاہتی ہیں؟
ممتا بنرجی سرکار کی وزیر چندریما بھٹاچاریہ نے کہا کہ بی جے پی ممبران اسمبلی کو معطل کیا جائے ۔ اسمبلی اسپیکر بمان بنرجی نے کہا کہ ایوان کے وقار کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ املاک کو جو نقصان پہنچا ہے ، اس کا حساب کیا جائے گا ۔ اس کے بعد سوبھیندو ادھیکاری سمیت چار دیگر بی جے پی ممبران اسمبلی کو اسمبلی کی کارروائی سے معطل کردیا گیا ۔